عمران خان نے معیشت برباد کرنے کے بعد آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھی،مریم نواز
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان چار سال پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرتے رہے، پھر جب معیشت برباد ہو گئی تو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں جب حکومتیں جاتی ہیں تو وہ خوشی سے اپنی کارکردگی بتاتی ہیں۔ عمران خان جاتے جاتے ن لیگ حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ہیں۔ سابق وزیر داخلہ کے مطابق پی ٹی آئی نے معیشت میں بارودی سرنگوں کا اعتراف کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف حکومت نے اپنی طرف سے کوئی اضافی ٹیکس نہیں لگایا۔ ن لیگ نے اپنی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا گیا تھا۔ برسوں معیشت سے کھلواڑ کیا جارہا تھا ، اور جب معیشت برباد ہوگئی تو ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم شہباز شریف آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو پورا کرنے کے پابند ہیں ۔ ہمیں معاہدے کی پاسداری کے لیے اقدامات کرنے پڑ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سمیت لیوی اور ٹیکس لگانے کا معاہدہ کیا ۔ پی ٹی آئی نے آخری بجٹ میں پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی شرح بڑھانے اور لیوی بڑھانے کا فیصلہ تھا ۔مریم نواز نے کہا کہ ہمیں پاکستان معیشت کی بہتری کے لیے سخت فیصلے کرنے پڑے ہیں۔