ڈپٹی کمشنرزپولیومہم کے دوران ٹیموں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں، کمشنرکوئٹہ ڈویژن
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ کاگزشتہ انسداد پولیو مہم میں ہدف حاصل کرنے اور انکاری والدین تک رسائی کو ممکن بنانے پر اظہار اطمینان۔ پولیو مہم کے دوران مسلسل انکار کرنے والے والدین اور سرکاری ملازمین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت تمام ڈپٹی کمشنرز مہم کے دوران ٹیموں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائیں تاکہ ٹیموں کی کارکردگی کو مزید بہتر اور ہدف کا حصول ممکن ہو سکے۔ یہ بات کمشنر کوئٹہ ڈویڑن سہیل الرحمن بلوچ نے گزشتہ انسداد پولیو مہم کی مجموعی کارکردگی کے حوالے سے ڈویڑنل پولیو ریویو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ڈویژن یاسر خان بازئی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ، ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ عبدالحق عمرانی، کوارڈنیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر حمیداللہ ناصر اور ڈی ایچ اوز، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، ای پی آئی، پی پی ایچ آئی کے افسران بھی موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر پشین قلعہ عبداللہ اور دیگر متعلقہ آفیسران بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ پولیو ٹیموں کے افسران اور نمائندے ہمارے لیڈر ہیں انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز سپاہی کے طور پر ان کے ساتھ کام کریں گے اور ہر مشکل میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں رہ جانے والے گھروں اور بچوں تک بہتر انداز میں رسائی حاصل کرنے کے لئے علمائے کرام، علاقہ معتبرین اور سیاسی و سماجی رہنماؤں کے خدمات حاصل کئے جائیں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے جو کمی درپیش ہے اس کے لیے ڈی آئی جی پولیس اور ڈی جی لیویز سکیورٹی کو مزید بڑھا کر اس کمی کو پورا کریں تاکہ حساس یونین کونسلوں اور علاقوں میں پولیو کی ٹیموں کو کوئی مشکل درپیش نہ ہو اور کوئٹہ بلاک میں تمام بچوں کی حفاظتی قطروں تک رسائی ممکن ہو سکے کمشنر کوئٹہ ڈویڑن نے ایس ایس پی آپریشن اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ بلاک میں حساس یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ دینے کے لیے مانیٹرنگ اور سیکیورٹی کے نظام کو فل پروف بنایا جائے اجلاس میں کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن حمید اللہ ناصر نے پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کوئٹہ میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ کو کوئٹہ بلاک میں گزشتہ پولیو مہم کی مجموعی صورتحال اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلا بریفنگ دی۔