کوئٹہ سمیت صوبہ بھرکے لاکھوں عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں، عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مخلص دیانتداروخدمت کے جذبہ سے سرشار قیادت ہی ملک میں حقیقی تبدیلی عوام کو مہنگائی بیروزگاری کرپشن اورسودی نظام سے نجات دلاسکتی ہے۔قوم کو سودی قرضوں،مہنگائی،بے روزگاری،بدعنوانی کے دلدل میں پھنسانے والے پی ٹی ایم،پی ٹی آئی ہیں عوام دوبارہ اس پر اعتبارکریں گے تو ملک وملت تباہ وبربادہوجائیں گے۔جماعت اسلامی قوم کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں عوام کو تباہ وبرباد کرنے والے آج بھی حکمران ہیں عوام کو باربار دھوکہ دیا گیا بلوچستان میں تعصب ونفرت پھیلانے،مذہب کا نام استعمال کرکے سادہ لوح عوام سے ووٹ لینے والے مسائل ومشکلات کے ذمہ دارہیں۔بدقسمتی سے عوام سے ووٹ لیکر خودمالامال ہونے والے عوام کے دکھ دردمیں شریک ہیں عوام کو بدحال کرکے رکھ دیاگیا ہے۔کتنے دکھ وافسوس کی بات ہے کہ قیام پاکستان سے لیکر ابتک یہاں سے منتخب نمائندے ایوان صدر،اسپیکر اورکئی مرتبہ وفاقی وصوبائی وزیر بھی رہے مگرآج بھی اس دور جدید میں کوئٹہ سمیت صوبہ بھر کے لاکھوں عوام پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں۔ہر طرف لوٹ مار بدعنوانی جاری ہے بدقسمتی سے حکومتی سطح پر بدعنوانی کو حق سمجھ کر کیا جارہا ہے۔ان جرائم میں مذہب وقومیت کے نام پر سیاست کرنے والے سب برابر اورایک دوسرے سے بڑھ کر ہیں مخلص ودیانتدار قیادت کی فقدان کی وجہ سے ملک مقروض اوربلوچستان کے معصوم عوام مہنگائی بدامنی وبیروزگاری کا شکار ہیں۔حکمرانوں کے کاروبار واثاثہ جات میں مسلسل اضافہ جبکہ غریب آدمی دووقت کی روٹی کے لیے بھی سخت پریشان ہے۔اس لیے نظام وقیادت کی تبدیلی کے بغیر ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔جماعت اسلامی دینی نظریاتی واصولی جماعت ہے اقتدارمیں نہ ہونے کے باوجود صحت تعلیم صاف پانی روزگار اورقدرتی آفات کے موقع پراپنے فلاحی ادارے الخدمت کے ذریعے بلوچستان کے عوام کی بھرپور خدمت کر رہی ہے اس لیے عوام اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے ترازوکے نشان پر مہر لگائیں۔ انہوں نے کہاکہ سابقہ وموجودہ حکمران غیروں کی غلامی اور عوام کاخون نچوڑنے میں مصروف ہیں۔ حکومتی نا اہلی کی وجہ سے آج بلوچستان کے عوام مہنگائی بے روزگاری، اور بدامنی سے پریشان جبکہ کاشتکار زراعت اور لوگ پینے کے صاف پانی،تاجر دکاندار ٹرانسپورٹرکاروبار،طلباء تعلیم عوام علاج سے محرو م ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے