سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ کاکڑکے روبروشہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کے روبرو شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت، عدالت نے پولیس کی جانب سے کیس پراپرٹی عدالت کے رو برو پیش نہ کئے جانے پر آئندہ سماعت 24 جون تک ملتوی کردی۔ بدھ کے رو ز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کے روبرو شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت مقتول صحافی عبدالواحد رئیسانی شہید کے بھائی اسفند یار رئیسانی ان کے وکیل سینئر قانون دان ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ عدالت کے رو برو پیش ہوئے جبکہ دوران سماعت پولیس کی جانب سے فردکے گواہ سب انسپکٹر عبدالکریم بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے تاہم کیس پراپرٹی پیش نہ کئے جانے پرعدالت نے آئندہ سماعت 24 جون تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت سینئر قانون دان طاہر حسین ایڈووکیٹ، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری منظو راحمد رند، صحافی شعیب رئیسانی، محمد عظیم رئیسانی ودیگر بھی احاطہ عدالت میں موجود تھے۔ سماعت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری منظور احمد رند نے کہا کہ بلوچستان میں 40 سے زائد صحافی مختلف واقعات میں شہید ہوئے ہیں تاہم شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قتل کا مقدمہ اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے کہ جس میں بلوچستان کے کسی صحافی کے قاتلوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کا عدالتی ٹرائل ہورہا ہے متاثرہ خاندان اور صحافتی تنظیموں کو عدالت سے انصاف کی امید ہے۔