بلوچستان میں بجلی کا مسئلہ بحرانی صورت اختیار کررہا ہے، میرعبدالقدوس بزنجو

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بجلی کا مسئلہ بحرانی صورت اختیار کر رہا ہے زمیندار اور عام آدمی بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے اس صورت کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا کیسکو اور وفاقی حکومت کو بلوچستان کی بجلی کے مسئلہ کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے ہونگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع پشین کے زمینداروں سے ہونے والی ملاقات کے دوران کیا جس نے رکن صوبائی اسمبلی اصغر ترین کی قیادت میں ان سے ملاقات کی پارلیمانی سیکریٹری ملک نعیم خان بازئی سی ای او کیسکو اور ڈپٹی کمشنر پشین بھی اس موقع پر موجود تھے وفد نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے انکی فصلیں تباہ ہو رہی ہیں اور انکا روزگار بری طرح متاثر ہو رہاہے اس کے باوجود کہ زمیندار بل باقاعدگی سے ادا کر رہے ہیں اس موقع پر سی ای او کیسکو نے آگاہ کیا کہ بجلی کی تقسیم و ترسیل کے مرکزی سسٹم سے بلوچستان کو اس کے کوٹے کی پوری بجلی فراہم نہیں کی جارہی انہوں نے بتایا کہ اس وقت بلوچستان کو 500 میگا واٹ بجلی دی جارہی ہے جبکہ کم سے کم ضرورت 800 میگا واٹ ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے وفاقی وزیر توانائی سے بات کر کے احتجاج ریکارڈ کرائیں گے تاکہ بلوچستان کے عوام ساتھ زیادتی نہ ہو اور صوبے کو اس کے کوٹے کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی ہو وزیراعلیٰ نے کہا کہ کیسکو کی بجلی کی ترسیل کا بنیادی ڈھانچہ صوبائی حکومت کی فنڈنگ پر قائم ہے صوبائی حکومت دیہی اور شہری علاقوں کو بجلی کی فراہمی اور گرڈ اسٹیشنوں کے قیام کے لئے پی ایس ڈی پی سے کیسکو کو خطیر فنڈز فراہم کرتی ہے لیکن اس کے باوجود ہمارے صارفین کو نہ تو پوری بجلی ملتی ہے اور نہ ہی کوئی رعایت دی جاتی ہے انہوں نے اس حوالے سے کیسکو چیف کو سیکرٹری توانائی کے ساتھ اجلاس کرنے کی ہدایت کی کیسکو چیف نے یقین دلایا کہ پشین کے متاثرہ ٹاور کی بحالی کا کام جلد مکمل کر کے لوڈ شیڈنگ کو دورانیہ کم کر دیا جائے گا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے