صوبے کے عوام کو کسی بھی صورت مایوس نہیں کرینگے،مولانا واسع
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا واسع نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بہت سے منصوبے رکھے ہیں بلوچستان کی پسماندگی ختم کرنے کا تہیہ کررکھا ہے وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی ترقیاتی مد کیلئے اربوں روپے مختص کیے ہیں اس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچ جائیں گے بے روزگاری کی خاتمے کیلئے جمعیت علما اسلام کی جدوجہد جاری رہے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی نائب امیر مولانا کمال الدین،مولانا فیض اللہ کی قیادت میں پشین اور لورالائی کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ بلوچستان کے عوام نے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علما اسلا م پر اعتما د کرکے جمعیت کے امیدواروں کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور اسی طرح آئند ہ سال ہونے والے عام انتخابات میں بھی بلوچستان کے عوام جمعیت کو سپورٹ کرینگے موجودہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی اور بے روزگاری کو ختم کرنے کیلئے اربوں روپے مختص کیے ہیں اب بلوچستان حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ فیڈرل پی ایس ڈی پی کو صحیح معنوں میں خرچ کریں کیونکہ با ر بار ایسے اچھے مواقع میسر نہیں ہوتے ماضی کے حکمرانوں نے بلوچستان کو نظر انداز کیا اور اس بار موجودہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کی پسماندگی کو ختم کرنے کیلئے اربوں روپے وفاقی پی ایس ڈی پی میں رکھے ہیں اور بلوچستان کو وفاقی پی ایس ڈی پی سے 322سے زائد ارب روپے دئیے جائیں گے جن میں گیس رائلٹیفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی سمیت دیگرشامل ہیں انہوں نے کہاکہ جس طرح بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ جمعیت علما اسلام پر اعتماد کا اظہا رکیا ہے اسی طرح جمعیت علما اسلام بھی صوبے کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلام صوبے کے عوام کو کسی بھی صورت مایوس نہیں کرینگے کیونکہ ہمارا رشتہ عوام کے ساتھ تا قیامت تک جاری رہے گا پشین اور لورالائی کے اضلاع کو بھی وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل کرینگے اور وفاقی پی ایس ڈی پی کے ثمرات ان علاقوں تک بھی جائیں گے۔