وفاقی محکمے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متحرک کردار ادا کریں،وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی محکمے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متحرک کردار ادا کریں اور شکایات کی صورت میں داد رسی کا موثر میکنزم تشکیل دیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں وفاقی محکموں کے کوئٹہ میں تعینات سربراہان کے ساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں سوئی سدرن گیس کمپنی، کیسکو، پی ٹی سی ایل سمیت وفاقی محمکوں کے ریجنل ہیڈز نے شرکت کی، وفاقی محتسب نے کہا کہ غریب افراد کی اکثریت کسی بھی جائز مسئلے کے حل کے لئے مروجہ طریقہ کار کے تحت متعلقہ فورم پر جانے کا علم نہیں رکھتی اس لئے ضروری ہے کہ تمام محکمہ جات عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کے تدارک کیلئے اپنے شکایتی سیلز کو فعال کریں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی میں مدد فراہم کریں انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ 200 سے زائد وفاقی اداروں سے متعلق شکایات کی شنوائی کرتا ہے وفاقی اداروں کا فرض ہے کہ وہ شکایات کنندگان کے مسائل کو حل کریں۔ دریں اثناء وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی سے کوئٹہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے بھی ملاقات کی اور بارڈر ایریاز سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں تاجروں کو درپیش مسائل سے متعلق آگاہی دی وفاقی محتسب نے کوئٹہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں کی جانب سے پیش کردہ مسائل یکسوئی سے سنے اور یقین دلایا کہ تاجر برادری کو درپیش مسائل اور مشکلات کے ازالے کے لیے متعلقہ وفاقی فورم پر بات کی جائیگی اور مسائل حل کرکے تاجروں کو تجارتی سرگرمیوں کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جائیگا اس موقع پر وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے ریجنل ہیڈ غلام سرور بروہی اور رجسٹرار امیر علی رند بھی موجود تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے