بلوچستان میں پری مون سون بارشوں نے تباہی مچادی، سیلابی بند ریلوں میں بہہ گئے
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے مشرقی اضلاع ہرنائی،کوہلو، دکی، بارکھان، موسیٰ خیل اور سرحدی پہاڑی علاقوں میں پری مون سون بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
ہرنائی میں دو مقامات پر رابطہ پل اور دیہی علاقوں میں سیلابی بند ریلوں میں بہہ گئے جبکہ متعدد گھر بھی سیلابی ریلے کی نذر ہو گئے۔حب، اوتھل، وندر اور بیلہ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کی شدت میں کمی آ گئی ہے۔
ادھر اسلام آباد، مری، تونسہ،گجرات اور حافظ آباد میں بھی بادل جم کے برسے جبکہ تھرپارکر، دادو اور کاچھو کے علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔شمالی علاقہ جات میں بابو سرٹاپ اور نانگا پربت ٹاپ پر وقفے وقفے سے برف باری ہوئی، ناران میں بارش سے موسم سرد ہو گیا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے آج پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کے علاوہ کراچی میں آج اور کل صبح ورات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے ملک میں جون کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی بھی کی ہے۔واضح رہے کہ ملک میں پری مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو گیا ہے جس کے تحت بلوچستان کے ضلع کوہلو اور بارکھان سمیت مختلف علاقوں میں بارشیں ہو رہی ہیں۔