پیپلزپارٹی خواتین کوتمام شعبوں میں یکساں مواقعوں کی فراہمی پریقین رکھتی ہے ، میر چنگیز جمالی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی پورے ملک میں آئندہ انتخابات کے بعد حکومت بنائے گی، بلاول بھٹو زرداری ملک کے نوجوان وزیراعظم ہونگے،پیپلز پارٹی نے اپنے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر قائد شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو سے لیکر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ملک کے لوگوں کی خدمت کررہے ہیں یہ شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے پارٹی کے قائد شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ہی ملک کو 1973ء کا متفقہ اور مضبوط آئین دیا،خواتین ملک کی آبادی کا نصف ہے انہیں تمام شعبوں یکساں مواقع فراہم کئے بغیرملک ترقی نہیں کرسکتا پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کو تمام شعبوں میں یکساں مواقعوں کی فراہمی پریقین رکھتی ہے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی،خواتین ونگ کی صوبائی صدر غزالہ گولہ، سکینہ عبداللہ، میرحیدر خان جمالی نے ماجبین خالد خان جمالی کی اپنی ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر مقامی ہال میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ماجبین خالد خان جمالی نے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری، فریال تالپور، میر چنگیز خان جمالی،روزی خان کاکڑ،سردارسربلند جوگیزئی کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہوئے اپنی سینکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فیڈریشن کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اورپاکستان پیپلز پارٹی ہر زبان بولنے والے لوگ شامل ہیں پاکستان پیپلز پارٹی جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی بلارنگ و نسل خدمت کی اور چھوٹے صوبوں کو انکے ساحل و وسائل پر دسترس دی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام اور پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ سمجھتی ہے اورہمیشہ عوام کے حقوق اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کیلئے اپنا کردارادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین ملک کی آبادی کا نصف حصہ ہیں جنہیں تمام شعبوں میں یکساں مواقع فراہم کئے بغیر ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہوسکتی پاکستان پیپلز پارٹی خواتین کو یکساں مواقعوں کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے ماجبین خالد خان جمالی کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت خوش آئند ہے انکی شمولیت سے پیپلزپارٹی بلوچستان میں فعال اور منظم ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ تبدیلی سرکارنے چار سال کے دوران معیشت سمیت ہر شعبے کا بیڑہ غرق کرکے رکھ دیا آصف علی زرداری کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے آئینی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے نکال باہر کیا عمران نیازی جاتے جاتے موجودہ حکومت کیلئے بہت سی مشکلات پیدا کر گئے ان مشکلات سے انشاء اللہ موجودہ وفاقی حکومت میں شامل جماعتیں ملکر جلد ملک کو باہر نکالیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار چلے جانے کے بعد عمران نیازی اپنا ذہنی توازن کھوچکے ہیں اور وہ ملک اوراداروں کے خلاف الٹے سیدھے بیانات دے رہے ہیں پاکستان کے عوام نے عمران نیازی کا اصل چہرہ پہچان لیا ہے اب انکے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات 2023ء میں ہونگے اورپاکستان پیپلز پارٹی عام انتخابات میں بلوچستان سمیت ملک بھرمیں کلین سوئیپ کریگی اوربلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراعظم ہونگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے