شامی ایئرپورٹ پر اسرائیلی فوج کی بمباری، پی آئی اے کی دمشق کیلئے پروازیں منسوخ

کراچی(ڈیلی گرین گوادر) ملکِ شام کے دارالحکومت میں قائم ایئرپورٹ پر اسرائیلی فوج کی بمباری کے سبب پاکستان ایئرلائن(پی آئی اے) نے دمشق کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کردی ہیں۔ گزشتہ روز دمشق ایئرپورٹ پر اسرائیلی فورسز کی جانب سے بمباری سے دونوں رن وے غیر فعل اور فضائی آپریشن مکمل طور پر معطل ہے اسی وجہ سے پی آئی اے نے کراچی تا دمشق پرواز کو منسوخ کردیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مذکورہ صورت حال کے سبب قومی ایئرلائن کو کراچی تا دمشق پرواز کو منسوخ کرنا پڑا، پی آئی اے کی پرواز پی کے 135کے ذریعے لگ بھگ 170 مسافروں کو آج (اتوار) علی الصبح جناح ٹرمینل ایئرپورٹ سے دمشق روانہ ہونا تھا اور دمشق سے واپسی کی پرواز پی کے 136 نے بھی 169 مسافروں کو لے کر واپس آنا تھا۔

پی آئی اے نے مزید کہا کہ رن وے مکمل طور پر غیر فعال ہونے کے باعث مذکورہ پروازوں کو منسوخ کردیا گیا، مسافروں کو پیش آنے والی زحمت کیلیے معذرت خواہ ہیں تاہم آپریشنل حالات کی بنا پر یہ فیصلہ ناگزیر تھا، رن وے کے بحال ہوتے ہی پرواز کی دوبارہ تیاری کرلی جائے ورنہ متبادل ذرائع سے مسافروں کو روانہ کیا جائے گا۔ پی آئی اے کال سینٹر کے ذریعے سے تمام مسافروں کو مطلع کیا جارہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے