خوشحال بلوچستان کے بغیر پرامن ترقیافتہ پاکستان کا تصور ناممکن ہے،چوہدری شبیر
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وترجمان چوہدری شبیر نے کہا ہے کہ خوشحال بلوچستان کے بغیر پرامن ترقیافتہ پاکستان کا تصور ناممکن ہے۔یہ بات انہوں نے وفاق کی جانب فیڈرل پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کو نظر انداز کرنے کے اقدام کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہی،انھوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا فرض بنتا ہے کہ بلوچستان کی پسماندگی غربت اور محرومیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے نہ صرف وفاقی بجٹ میں بلوچستان کی عوام اور صوبے کو خصوصی اہمیت دے بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بلوچستان کے کردار اور اس صوبے کی جغرافیائی پوزیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ترقیاتی منصوبہ بندی ترتیب دے۔کیونکہ خوشحال پرامن بلوچستان ہی مضبوط ترقیافتہ پاکستان کی بقا کی ضمانت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام سیاسی قیادت کا یہ فرض ہے کہ وہ اپس کے تمام تر نظریاتی اختلافات سے بلا تر ہو کر پرامن خوشحال بلوچستان کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر کام کریں۔آج تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت نہ صرف بلوچستان کی سیاسی پارٹیوں کی مرہون منت ہے بلکہ انھی کے سیاسی کندھوں کے سہارے کھڑی ہے۔وفاقی حکومت میں شامل بلوچستان کی سیاسی لیڈرشپ کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی بقا وسلامتی کو ترجیح دیتے ہوئے بلوچستان کی پسماندگی عوام کی محرومیوں کے خاتمے اور صوبے کے آئینی حقوق کے حصول کیلئے مسترکہ جدوجہد کے عمل کو فروغ دیں۔