بجٹ میں امیروں سے قربانی مانگی اور کمزور کو آسانی دی گئی ہے، وزیراعظم
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور ان کی پوری ٹیم کو ایک متوازن، ترقی پر مرکوز اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالی طور پر درپیش چیلنجوں اور بہت سی مشکلات کے باوجود بجٹ کی تیاری نہایت کٹھن کام تھا بجٹ میں امیروں سے قربانی مانگی اور کمزور کو آسانی دی گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے شہباز شریف نے لکھا کہ حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے فنڈز میں اضافہ کیا ہے، بے نظیر سکالرشپ پروگرام کا دائرہ کار ایک کروڑ طلباء تک بڑھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت معاشرے کے مالی طور پر کمزور طبقات کی معاشی مشکلات کو کم کرنے کی خواہاں ہے اور میری سوچ یہ ہے کہ مالی لحاظ سے مضبوط لوگوں کو ٹیکسوں کی ادائیگی کے ذریعے قومی خزانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سولر پینلز کی درآمد اور ترسیل پر ٹیکس زیرو کر دیا ہے، زرعی مشینری و مداخل کی درآمد پر بھی ٹیکس صفر کر دیا گیا ہے، یہ کسانوں اور زراعت کی ترقی کیلئے بہت اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اقتصادی و انتظامی کے حالیہ سالوں کے باعث ہمیں مشکل وقت کا سامنا ہے، اس بجٹ کے ذریعے میری حکومت مشکل فیصلوں کے ذریعے چیلنجوں پر قابو پائے گی اور معاشرے کے کمزور طبقات پر ان مشکل فیصلوں کے اثرات کو کم سے کم کیا جائے گا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے وفاقی حکومت نے گھریلو صارفین کو سولر پینلز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، میں نے دسمبر تک جنوبی بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائنز کا کام مکمل کرنے اور جامع آف گرڈ سسٹم کا منصوبہ بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔