آتشزدگی کے شکاراضلاع میں لوگ ذریعہ معاش کھوچکے ہیں،مولانا عبدالواسع کا وزیراعظم کو خصوصی خط
اسلام آباد/کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور بلوچستان میں امدادی کارروائیوں کے لیے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی مولانا عبدالواسع نے کہاہے کہ بلوچستان میں آتشزدگی کے شکار اضلاع میں قیمتی جانی نقصان کے ساتھ ساتھ چلغوزوں کے درخت بھی جل کر خاکستر ہوگئے ہیں۔یہ باتیں وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اپنے ایک خصوصی خط میں بتائی۔انہوں نے اپنے خط میں بتایاکہ گزشتہ دنوں لگنے والی آگ پر قابو پانے اور امدادی کاموں کو مزید تیزی سے سرانجام دینے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر بلوچستان کے ڈسٹرکٹ شیرانی، ڈسٹرکٹ موسی خیل اور خیبر پختونخوا کے ڈسٹرکٹ ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر نے اپنے خط میں وزیراعظم کو اپنے دورے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آگ کے بعد مقامی افراد کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔اس افسوس ناک اور ناقابل فراموش واقعہ میں جہاں قیمتی جانی نقصان ہوا وہاں چلغوز وں کے درخت بری طرح سے جل کر راکھ ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے لوگ اپنا ذریعہ معاش کھوچکے ہیں۔ وہاں کے لوگوں کا گزر بسر چلغوزوں کی خرید وفروخت سے ہی منسلک تھا جوکہ اب نہیں رہا۔ مولانا عبدالواسع نے وزیراعظم سے اپنے لوگوں کی اس مشکل گھڑی میں مدد کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ آگ سے متاثرہ بلوچستان اور کے پی کے کے علاقوں کے لیے فوری سپیشل فنڈز کا اعلان کیا جائیتاکہ لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے اور لوگ اپنے معمولات زندگی احسن طریقے سے سرانجام دے سکیں۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع کو وزیراعظم نے بلوچستان میں امدادی کارروائیوں کے لیے اپنا نمائندہ خصوصی مقررکیا تھا۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے اضلاع شیرانی، موسی خیل اور صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈی آئی خان کے جنگلات میں لگنے والی آگ کو بجھانے کی کارروائیوں میں اشتراک عمل بہتر بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭