وزیراعلیٰ کی اسپیشل انسپکشن ٹیم کا نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ کا دورہ

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی اسپیشل انسپیکشن ٹیم نے نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ کا تفصیلی دورہ کیا۔ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سعید احمد میروانی نے ٹیم کو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرایا، ہسپتال کی کارکردگی اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ کے پبلک ریلیشن آفیسر نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی اسپیشل انسپیکشن ٹیم (CMIT)نے ہسپتال کا دورہ کیا۔ ٹیم میں CMIT کے ٹیکنیکل ممبر اکبر علی ایڈیشنل ممبر عبدالغفار اور ایڈیشنل ممبر راز محمد شامل تھے۔ ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سعید احمد میروانی نے ٹیم کو ہسپتال کا تفصیلی دورہ کرایا، دورے میں ہسپتال کے تمام شعبہ جات، وارڈز، ایمرجنسی، لیبر روم، آپریشن تھیٹر، لیبارٹری، سی سی یو اور آئی سی یو وغیرہ شامل تھے۔ طبی شعبہ جات کے علاوہ ہسپتال میں موجود نرسنگ ہاسٹل، ڈاکٹرز و دیگر اسٹاف کے رہائشی کوارٹرز، مسجد اور ہسپتال کے احاطے میں موجود خالی زمیں وغیرہ کا بھی دورہ کرایا۔ بعد ازاں ہسپتال کے کانفرنس روم میں ہسپتال کے سی ای او نے ہسپتال کی کارکردگی رپورٹ، ہسپتال کو درپیش مسائل اور ہسپتال میں بے تحاشہ مریضوں کے رش کے باعث فی الفور جن ڈیپارٹمنٹس میں توسیع کی ضرورت ہے، مزید جن نئے ڈیپارٹمنٹس اور بلڈنگ کی تعمیر کرنے کی ضرورت ہے اور اسکے علاوہ ہسپتال کی جو متفرق ضروریات ہیں ان سب کے بارے میں سی ای او نے ٹیم کو آگاہ کیا۔ ہسپتال میں مریضوں کا رش بہت زیادہ ہے، گورنمنٹ کی طرف سے ہسپتال 50بیڈڈ ہے اور گرانٹ بھی 50بیڈ کے مطابق دی جارہی ہے۔ موجودہ سی ای او کی محنت اور کاوشوں سے ہسپتال کو اپنی مدد آپ کے تحت 100بیڈڈ بنایا گیا ہے۔ ہسپتال کے وارڈز مکمل بھر جانے کے بعد وارڈز سے باہر گیلری اور لاونچ میں مزید بیڈ لگا کر داخل مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے، اور ٹیم کے وزٹ کے موقع پر بھی وارڈز میں یہی صورتحال تھی۔سی ایم انسپیکشن ٹیم ہسپتال کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوئی، ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر سعید میروانی کی محنت اور کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ای او، ہسپتال کی انتظامیہ اور ڈاکٹرز کی محنت کا ہی ثمر ہے کہ ہسپتال ہذا اس وقت بلوچستان میں اپنی ایک منفرد حیثیت اور شناخت بنا چکا ہے۔ صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے ہسپتالوں میں بلوچستان بھر کے مریضوں کے رش کیوجہ سے جو بوجھ تھا وہ نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ کے بننے سے کافی حد تک کم ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال ہذا کو جو درپیش مسائل اور جو ضروریات ہیں انکو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے حکام بالا تک ضرور پہنچائیں گے تاکہ یہ ہسپتال مزید بہتر انداز میں عوام کی خدمت کرسکے۔ ہسپتال کے سی ای او، ڈاکٹرز، انتظامیہ اور دیگر اسٹاف سے امید رکھتے ہیں کہ وہ مستقبل میں بھی اسی محنت اور لگن سے عوام کی خدمت جاری رکھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے