توانائی کی بچت، ملک بھر کے بازار رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کا فیصلہ
لاہور: (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں ملک بھر میں توانائی کی بچت کے لیے بازار رات ساڑھے 8 بجے بند کر نے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزیراعلی سندھ، حمزہ شہباز اور بلوچستان کے وزیراعلی عبدالقدوس بزنجو نے شرکت کی۔ خیبرپختونخوا کی نمائندگی چیف سیکریٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کی اجلاس کے دوران ملک میں توانائی کے بچت کے اقدامات پر مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں صوبوں نے بازار رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے پر اصولی اتفاق کیا۔اعلامیے کے مطابق وزرائے اعلیٰ نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ملک گیر اقدامات پر وفاقی کابینہ کے فیصلوں سےاتفاق کیا۔
اعلامیہ کے مطابق سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ نے دودن کی مہلت مانگی، صوبوں میں تجارتی وکارباری تنظیموں سے مشاورت مکمل کی جا سکے، وزرائے اعلی نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے موجودہ حالات کو بہتر بنانے کیلئے نئی تجویز دی تھی۔