آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ متوازن اور عوام دوست بنایا جائے گا،فرح عظیم شاہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ترجمان حکومت بلوچستان متحرمہ فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ متوازن اور عوام دوست بنایا جائے گا اس سلسلے میں وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے متعلقہ محکموں کو صوبائی بجٹ کی تیاری اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ صوبائی حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم ، صحت ، روزگار ، آبنوشی اور دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ نوجوانوں اور خواتین کی ترقی کے منصوبے پر خصوصی توجہ دیے رہی ہیں۔ اس کے علاؤہ جیلوں میں اصلاحات اور قیدیوں کے لیے فلاح وبہبود کے پروگرام شامل کئے جائیں گے۔ بجٹ میں انفرادی منصوبوں کے بجائے اجتماعی منصوبوں اور عوامی نوعیت کے منصوبوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ صوبے تیز سے ترقی اور لوگوں کے معیار زندگی بلند ہونے کے علاؤہ عوام کے مفادات کو تحفظ حاصل ہو۔ صوبائی بجٹ میں توازن رکھ کر ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات کا تعین کریں تاکہ صوبے میں ترقی کا عمل جاری وساری رہیں۔ صوبائی حکومت کفایت شعاری کی پالیسی پر گامزن ہے اور تمام غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کےلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ آئندہ مالی سال کاصوبائی بجٹ صوبے کی تاریخ کا پہلا بجٹ ہوگا جو صحیح معنوں میں عوام کے مفاد کے مطابق ہوگا اور محکموں کی جانب سے ترقیاتی پروگرام کے لئے تجویز کردہ اسکیموں کی افادیت عوام تک پہنچے گی۔