کوئٹہ ، لسبیلہ اوردیگرعلاقوں میں جولائی کے پہلے ہفتے میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، فیاض حسین مراد

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان فیاض حسین مراد نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے ووٹر لسٹوں کو حتمی شکل دینے اور عوام الناس کے معائنے کے لئے 1473 سے زائد ڈسپلے سینٹر قائم کرکے لسٹیں رکھی گئیں ہے شہری 19 جون تک اپنے اور اہل خانہ کے ووٹ کا اندراج اور کوائف کی جانچ پڑتال کے بعد درستگی کرواسکتے ہیں۔ حالیہ بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ 61 فیصد واشک اور خاران جبکہ 51 فیصد میل اور 49 فیصد خواتین کا ٹرن آؤٹ رہا ہے۔ پہلے نمبر پر رخشان، دوسرے پر لورالائی اور تیسرے پر قلات رہا ہے۔ کوئٹہ اور لسبیلہ سمیت موسیٰ خیل، جعفر آباد اور دیگر علاقوں میں جولائی کے پہلے ہفتہ میں بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کہی، اس موقع پر وسیم احمد، عبدالواحد اور پبلک ریلیشین آفیسر الیکشن کمشنر بلوچستان غوث بخش بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات کے حوالے سے ووٹرز کیلئے 1473 سے زائد ڈسپلے سینٹرز قائم کئے گئے ہیں جن میں غیر حتمی انتخابی فہرستیں عوام الناس کے معائنہ کے لئے رکھی گئی ہیں۔جس کا مقصد کہ شہری ان ڈسپلے سینٹروں میں آکر اپنے اور اہل خانہ کے ووٹ کا اندراج اور مکمل، مستقل اور عارضی پتے کے حوالے سے اپنے ووٹ کے اندراج اور دیگر کوائف کو چیک کرکے اگر اس میں کوئی کمی بیشی ہے تو اس کو درست کروانے کے لئے فارم 15-16 پر کرکے کوائف درست کرواسکتے ہیں۔ ان کاکہنا تھا کہ 21 مئی سے 19 جون تک ووٹرز اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ناموں کے اندراج اورکوائف کی جانچ پڑتال کرسکتے ہیں اگر کسی اہل فرد کا ووٹ درج نہیں ہے تو وہ شناختی کارڈ کے مستقل یاعارضی پتہ کے مطابق اپنا ووٹ درج کروا سکتا ہے،سرکاری ملازمین او ر ان کے اہل خانہ عارضی پتہ پر اپنے ووٹ کا اندراج و منتقلی کرواسکتے ہیں۔اس کے لئے تمام ڈسپلے سینٹروں میں ہمارے نمائندے اور فارم کی موجودگی کو ممکن بنایا گیا ہے جو شہریوں کو ان کے کوائف کی درستگی اور ووٹ کے اندراج کے لئے مکمل معلومات اور تعاون فراہم کریں گے۔ صوبائی الیکشن کمشنر فیاض حسین مراد نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات میں بلوچستان میں واشک اور خاران میں 61 فیصد ٹرن آؤٹ جبکہ صوبے میں مردوں کا 51 فیصد ٹرن آؤٹ رہا اس کے علاوہ رخشان پہلے اور لورالائی، قلات تیسرے نمبر پر ٹرن آؤٹ کے حساب سے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ صوبے کے 32 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سرکاری اور حتمی نتائج کا اعلان بہت جلد کردیا جائے گا۔جبکہ کوئٹہ اور لسبیلہ سمیت موسیٰ خیل، جعفر آباد اور دیگر علاقوں میں جولائی کے پہلے ہفتے میں بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے اس کے حوالے سے شیڈول کا اعلان کیا جائے گاحلقہ بندیوں سے متعلق تحفظات دور کرنے کیلئے ایک ماہ کا وقت مقرر کیا گیا ہے جس کا مقصد حلقہ بندیوں کے حوالے سے لوگوں کی شکایات کے ازالے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے انہوں نے کہا کہ میڈیا انتخابی فہرستوں کی جانچ پڑتال اور ان کی درستگی سمیت غلطیوں سے پاک، قابل بھروسہ تیاری میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ یہ آواز پہنچائے کہ لوگ اپنے ووٹ اور پتے کی درستگی اور صحیح اندراج کے لئے صوبہ بھر میں بنائے گئے 1473 ڈسپلے سینٹروں میں رکھی گئی انتخابی فہرستوں میں اپنے ناموں اور اندراج کے کوائف کی جانچ پڑتال کرکے انہیں درست کرواسکتے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے