گستاخانہ بیان، حکومت مودی سے تعلقات اور کاروبار ختم کرے،عمران خان
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیراعظم عمران خان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت میں ہمارے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی، حکومت اس پر سخت موقف اختیار کرے۔ وکلا کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شریف خاندان مودی سے اپنے تعلقات توڑے دوستی اور کاروبار ختم کریں اور ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں۔عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ساتھ ملا کر یہ الیکشن جیتنے کا پلان بنا رہے ہیں ، الیکشن کمیشن حمزہ شہباز کو زبردستی وزیراعلیٰ رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسی مہنگائی نہیں دیکھی ، یہ ہماری قومی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا مجھے پاکستان کے وکلا کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، جمہوریت میں پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، ہم نے پرامن احتجاج امپورٹڈ حکومت کے خلاف کیا تھا، انہوں نے ہم پر تشدد کیا، عورتوں اور بچوں پر آنسو گیس شیلنگ کی۔
عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف ایف آئی اے میں کیس ہے، یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ ملزم قاضی بن جائے، چھوٹی موٹی چوری نہیں 24 ارب روپے کی کرپشن ہے، ایسے شخص کو ملک کا وزیراعظم اور اس کے کرپٹ بیٹے کو وزیراعلیٰ بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی وکلا اور عدلیہ کی ذمہ داری ہے، 60فیصد کابینہ ضمانت پر ہے، یہ ہماری قوم کی توہین ہے، وکلاء میرے ساتھ نہیں قانون کی حکمرانی کیلئے کھڑے ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ جو بھی کر لیں ہم انہیں ہرائیں گے، چور بیرونی ایجنڈے لے کر آئے، میں نے کبھی ایسی مہنگائی نہیں دیکھی، کبھی بھی پیٹرول، ڈیزل، بجلی اور گیس ایسے نہیں بڑھے، واپڈا کی ریٹنگ منفی میں چلی گئی ہے، اب ڈیمز کیلئے قرضے نہیں ملیں گے۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کے آنے سے معیشت نیچے آئی اور مہنگائی بھی بڑھ گئی، یہ ہماری نیشنل سیکیورٹی کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں۔