عمران خان اسلام آباد واپس پہنچ گئے،پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس طلب
اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے تیرہ روزپشاورمیں قیام کےبعد اسلام آباد واپس پہنچ گئے۔سابق وزیر اعظم عمران خان ہیلی کاپٹر پر پشاور سے اسلام آباد پہنچے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان بھی ان کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے۔عمران خان نے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس بھی اسلام آباد میں بلا لیا ۔ پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں ۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کور کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔اجلاس میں ملک کے سیاسی اور معاشی حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔تحریک کی آنے والے دنوں میں حکمت عملی بھی طے کریں گے۔کور کمیٹی کے ارکان بنی گالہ پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
یاد رہے کہ ممکنہ گرفتاری سے بچنے کیلیے عمران خان پشاور ہائیکورٹ سے 25 جون تک راہداری ضمانت حاصل کر چکے ہیں ۔عمران خان 20 مئی کو ملتان جلسے کے بعد پشاور چلے گئے تھے ۔ 25مئی کو لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد آئے لیکن اس کے بعد پھر واپس پشاور چلے گئے تھے۔