پیپلز پارٹی کا ملک بھر میں ’پاکستان کھپے‘ ریلیاں نکالنے کا اعلان

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیان کے خلاف ہماری جماعت نے پورے ملک میں ’پاکستان کھپے‘ کے نام پر ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔فیصل کریم کنڈی کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ آج تک جس نے بھی پاکستان کے خلاف ایسی زبان استعمال کی ہے اس کو نہ میڈیا نے پذیرائی دی ہے اور نہ ہی پاکستانی عوام نے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو 3 ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کے بیان کی مذمت تو سب نے کی ہے مگر پیپلز پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اتوار کے دن ’پاکستان کھپے‘ کے نام سے ملک بھر میں ریلیاں نکالیں گے۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جب بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا تھا تو اس وقت بھی ملک بھر میں اشتعال برپا تھا اور پیپلز پارٹی کارکنان مشتعل تھے، مگر اس وقت بھی آصف زرداری نے ’پاکستان کھپے‘ کا نعرہ بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ کبھی عمران خان کہتا ہے کہ نیوٹرل نہیں ہونا چاہیے کبھی وہ کہتا ہے نیوٹرل جانور ہوتا ہے، وہ اداروں کی توہین کر رہا ہے اور مسلسل پاکستان کے قومی اداروں کو یہ دعوت دے رہا ہے کہ ادارے سیاست میں مداخلت کریں۔ان کا کہنا تھا کہ فوج کے ترجمان نے بھی یہ بات واضح کی ہے کہ ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے۔پیٹرول کی قیمت میں اضافے سے متعلق پوچھے گئے سوال میں انہوں نے کہا کہ ہم نے بالکل برا فیصلہ کیا ہے مگر ہمارے پاس دوسرا کوئی آپشن بھی نہیں تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے