جرمنی، مسافر ٹرین پٹری سے اترگئی، 4 افراد ہلاک، 30 زخمی
باواریا(ڈیلی گرین گوادر) جرمنی کی ریاست باواریا میں مسافر ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹری سے اترگئیں،حادثے میں 4 افراد ہلاک اور تقریباً 30 زخمی ہوگئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جمعے کے روز حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میونخ جارہی تھی اور اس میں زیادہ تر طلبہ سوار تھے ۔
اطلاعات کے مطابق الپائن ریزورٹ کے قریب مسافر ٹرین کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر یں جس کے نتیجے میں 4 مسافر ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں ہے کہ حادثہ کس وجہ سے پیش آیا البتہ حادثے کے مقام پر ایمرجنسی سروسز آپریشن جاری ہے ، ریسکیو حکام کے مطابق مقامی اسپتال میں زخمیوں میں سے 15 کی حالت تشویشناک ہے۔
قبل ازیں، پولیس نے کہا کہ اس بات کو رد نہیں کیا جا سکتا کہ گرمیوں کی چھٹیاں منانے کیلئے جانے والے بہت سے طلبہ زخمی ہونے والوں میں شامل ہیں، تاہم ایسی اطلاعات پر کوئی تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے۔
اس کے علاوہ اٹلی کے شہر ٹورن سے روم جانے والی تیز رفتار مسافر ٹرین کی ایک بوگی دارالحکومت کے قریب پہنچتے ہی پٹری سے اتر گئی۔تاہم اس حادثے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔