بلوچستان میں انسداد ہراسگی کیلئے خاتون محتسب سیکرٹریٹ اور بلوچستان بار کونسل کے مابین باہمی سمجھوتہ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان میں انسداد ہراسگی کے لئے خاتون محتسب سیکرٹریٹ اور بلوچستان بار کونسل کے مابین باہمی سمجھوتے کی دستاویزات پر دستخط کر دئیے گئے اس معاہدے کے تحت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تمام اضلاع میں بار کونسل کے وکلاء خواتین کی قانونی معاونت و دادرسی کے لئے تعاون کریں گے، جبکہ خواتین وکلاء کی استعداد کار میں اضافے اور بہبود کے لئے خاتون محتسب سیکرٹریٹ تعاون کریگا ایم او یو پر دستخط کی سادہ مگر پروقار تقریب خاتون محتسب سیکرٹریٹ آفس میں منعقد ہوئی جس میں ایم او یو پر صوبائی خاتون محتسب صابرہ اسلام اور بلوچستان بار کونسل کے وائس چئیرمین قاسم گاجیزئی نے دستخط کئے اس موقع پر بلوچستان بار کونسل کے چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی محمد ایوب ترین اور بار کونسل کے چئیرمین بین الصوبائی رابطہ راحب خان بلیدی، محتسب سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹر عبدالغنی، قاہر خان خلجی، عبداللہ کاکڑ، رضیہ امان بھی موجود تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی خاتون محتسب برائے انسداد ہراسگی صابرہ اسلام اور بلوچستان بار کونسل کے وائس چئیرمین قاسم گاجیزئی نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو انصاف کی فراہمی کے لئے اقدامات کو موثر میں یہ معاہدہ ایک غیر معمولی پیش رفت ثابت ہوگا جس کے تحت صوبائی خاتون محتسب سیکرٹریٹ خواتین پر تشدد، سائبر کرائم سمیت دیگر مقدمات بلوچستان بار کونسل کو ریفر کریگا اس کے علاوہ خواتین وکلاء کی بہبود کے لئے بھی کلیدی کردار ادا کیا جائیگا جبکہ دوسری جانب بلوچستان بار کونسل ہراسگی سے متلق کیس صوبائی خاتون محتسب سیکرٹریٹ ریفر کریگا، اس کے ساتھ ساتھ صوبائی خاتون محتسب کو پراپرٹی رائٹس ملنے کی صورت میں بلوچستان بار کونسل قانونی معاونت کے لئے وکلاء کا پینل فراہم کریگی تاکہ پراپرٹی سے متعلق مقدمات کے فیصلے انصاف و قانونی تقاضوں کے مطابق نمٹائے جاسکیں، فریقین نے اس بات پر اتفاق کا اظہار کیا کہ ہراسگی سے متعلق زیرو ٹالرنس پالیسی پر گامزن ہوتے ہوئے ہراسرز کے خلاف بھرپور قانونی کارروائی کی جائیگی اور ہراسگی سے متعلق اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا اس موقع پر خاتون محتسب صابرہ اسلام نے بلوچستان بار کونسل کے عہدیداروں کو انسداد ہراسگی قوانین پر مشتمل کوڈ آف کنڈیکٹ کا چارٹ پیش کیا۔