یاسین ملک کی آواز کو دبا کر کشمیریوں کے جذبات کو نہیں دبایا جا سکتا، مشعال ملک
کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ شوہر کی جان کو خطرہ ہے، ہمیں ان تک رسائی دی جائے۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مشعال ملک کے ساتھ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر یاسین ملک کی اہلیہ نے کہا کہ بھارت کے ظلم و ستم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔
اس موقع پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یاسین ملک کے خلاف فیصلے پر ہر پاکستانی دکھی ہے، پرامن جدوجہد کے لیے ہر قانون ہر شہری کو حق دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یاسین ملک نے کشمیریوں کے لیے ہر دکھ برداشت کیا، پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے آواز اٹھائی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یاسین ملک کے فیصلے پر پارلیمنٹ اور سینیٹ نے قرارداد پاس کی ہے، ان کا کیس ہر پاکستانی اپنا کیس سمجھتا ہے۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یاسین ملک کی آواز کو دبا کر کشمیریوں کے جذبات کو نہیں دبایا جا سکتا، کشمیر کا بچہ بچہ ان کے ساتھ ہے۔