چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیزعقیلی کا بوستان اسپیشل اکنامک زون کا دورہ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بوستان اسپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا، بوستان اسپیشل اکنامک زون پہنچنے پر سیکرٹری انڈسٹریز عبدالطیف کاکڑ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ، بریگیڈیئر 12 کور وجاہت، ڈپٹی کمشنر پشین ظفرعلی اور دیگر حکام نے چیف سیکرٹری کا استقبال کیا۔ چیف سیکرٹری نے بوستان اکنامک زون میں مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کا افتتاح کیا اور اکنامک زون کے مختلف حصوں پر جاری کام کا بھی معائنہ کیا۔ چیف سیکرٹری کو سیکرٹری انڈسٹریز، کیسکو، ایس ایس جی سی، واسا اور دیگر متعلقہ حکام نے اکنامک زون پر جاری منصوبوں سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اکنامک زون کے احاطے پر سڑکوں کی تعمیر، سیوریج لائن، بجلی،گیس، پانی اور دیگر سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے، بجلی کی ٹرانسمیشن لائن کی تنصیب اور گریڈ اسٹیشن کی تعمیر پر جلد کام شروع کردیا جائے گا جبکہ ایس ایس جی سی کی جانب سے3.5کلومیٹر گیس پائپ لائن بچھا دیا گیا ہے اور باقی ماندہ پائپ لائن کا کام مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے گا، اس موقع پر چیف سیکرٹری نے بوستان اسپیشل اکنامک زون پر جاری مختلف منصوبوں پر کام جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اکنامک زون میں بجلی، گیس، پانی اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے، انہوں نیکمشنر کویٹہ اور متعلقہ ڈی سی کو ہدایت کی کہ منصوبوں پر کام کی رفتار کا خصوصی نگرانی کریں اور اس سلسلے میں ماہانہ بنیادوں پر پروگریس رپورٹ پیش کریں، چیف سیکرٹری نے کہا کہ وہ جلد بوستان میں سرمایہ کاروں سے ملاقات کریں گے اور ان کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،چیف سیکرٹری نے کہا کہ کسی بھی صوبے اور علاقے کی ترقی میں اسپیشل اکنامک زون کا قیام انتہائی اہمیت کا حامل ہے،اسپیشل اکنامک زون کے فنکشنل ہونے سے صوبے میں تجارتی عمل تیزہوگی اور علاقے میں خوشحالی آئے گی، انہوں نے کہا کہ بوستان اسپیشل اکنامک زون صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے انتہائی موزوں جگہ ہے جس سے وہ سرمایہ کاری کر کے بہت زیادہ فائدہ حاصل کرسکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں، صنعتی زون کی تکمیل سے علاقے میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور علاقے میں غربت کی شرح میں کمی آئیگی اور صوبہ ترقی کرے گا