ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے کے بعد بلوچستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے تک پہنچ گیا
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ملک میں بجلی کا شارٹ فال بڑھنے کے بعد بلوچستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے تک پہنچ گیا، کوئٹہ میں دس سے بارہ گھنٹے کی اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے،سبی،تربت،دالبندین اور صوبے کے گرم علاقوں میں بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی، ملک میں بجلی کا شارٹ فال سات ہزار میگا واٹ تک پہنچ جانے کے بعد بلوچستان کو صرف پانچ سو میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ سے مل رہی ہے جبکہ صوبے کی ضرورت بائیس سو میگا واٹ ہے، بجلی کی عدم دستیابی کے باعث کوئٹہ میں دس سے بارہ گھنٹے،ضلعی ہیڈکواٹرز میں بارہ سے چودہ گھنٹے اور دیہی فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے تک جاپہنچا ہے، بلوچستان کے گرم ترین علاقوں سبی،نصیر آباد،جعفر آباد،تربت،دالبندین میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ سے شہری بے حال ہو گئے ہیں وہاں مختلف علاقوں میں پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔