محکمہ بلدیات کوکوئٹہ کی ترقی کے لئے گزشتہ پانچ سالوں میں کوئی فنڈ نہیں ملا، سردار محمد صالح بھوتانی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماء سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات کو کوئٹہ کی ترقی کے لئے گزشتہ پانچ سالوں میں کوئی فنڈ نہیں ملا، محکمہ میٹروپو لیٹن کارپوریشن ملازمین کی تنخواہیں ادا کرنے کے لئے بھی پریشان ہے، کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر اور بلوچستان کا چہرہ ہے اسکی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، عبدالستار روڈ کو تاجروں کے ساتھ ضابطہ کار طے کرنے کے فوری بعد آمد و رفت کے لئے کھول دیا جائیگا، یہ بات انہوں نے جمعرات کو عبدالستار روڈ کوئٹہ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ عبدالجبار بلوچ، انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر عبدالرحیم آغاسمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سینئر صوبائی وزیر سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ محکمہ بلدیات کو گزشتہ پانچ سالوں سے کوئٹہ کی ترقی کے لئے کوئی فنڈز نہیں ملے شہر میں کئی محکمے بیک وقت کام کر رہے ہیں جس سے شہر کی ترقی کی سمت کا تعین نہیں ہورہا شہرکیلئے کام کرنے کا اختیار محکمہ بلدیات کے پاس ہونا چاہیے اگر محکمہ بلدیات کو فنڈز اور اختیارات دئیے جائیں کو کوئٹہ میں بہتری لاسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ملازمین کی تنخواہیں اداکرنے کے لئے بھی پریشانی ہے اس کے باوجود محکمہ کوئٹہ کی بہتری کے لئے محدود وسائل میں رہتے ہوئے کام کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ عبدالستار روڈ کوئٹہ کا کاروباری مرکز ہے جہاں سے میں خود بھی خریداری کرتا رہا ہوں اس سڑک کو بند کرنے سے نہ صرف تاجروں بلکہ عوام کو بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے آج خود صورتحال کا جائزہ لینے آیا ہوں اور یہ فیصلہ کیا گیا ہے عبدالستار روڈ کو حکومت بلوچستان اور تاجروں کے درمیان ضابطہ کار جس میں تجاوزات کا خاتمہ، غیر قانونی پارکنگ کی بندش سمیت دیگر نکات شامل ہیں کے طے ہونے کے بعد ٹریفک کے لئے کھول دیا جائیگا سیکرٹری بلدیات، ایڈمنسٹریٹر میٹر وپولیٹن کارپوریشن اور تاجر نمائندے ملکر ضابطہ کار بنائیں گے جس کی پابندی سب پر لازم ہوگی انہون نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے لئے پہلی بار میری مرضی کا ایڈمنسٹریٹر ملا ہے ایڈمنسٹریٹر کو ہدایت کردی ہے کہ دن ہو یا رات انہیں جاگنا ہوگا اور عوام کے مسائل حل کرنے ہونگے انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں اور تاجروں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے تاہم شہریوں اور تاجروں کو چاہیے کہ وہ بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں عوام کے تعاون کے بغیر کوئی بھی اقدام کامیاب نہیں ہوسکتا انہوں نے ہڑتال ختم کرنے پر تاجروں کا شکریہ اد بھی ا کیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر عبدالرحیم آغا نے صوبائی وزیربلدیات کو تاجروں کے مسائل سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عبدالستار روڈ کی بندش سے ایک طرف کاروبار بری طرح متاثر ہوا ہے تو دوسری جانب عوام کو بھی مشکلات کا سامنا ہے ساتھ ہی ٹریفک جام رہنا بھی معمول بن چکا ہے عبدالستار روڈ کو واکنگ اسٹریٹ قرار دینے کے خلاف تاجروں نے احتجا ج اور دھرنے کی کال دی تھی جسے صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی کی جانب سے عبدالستار روڈ کھولنے کے اعلان کے بعد واپس لے لیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ تاجر حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنے کے لئے تیار ہیں حکومت کے ساتھ لائحہ عمل طے کر کے اس پر عملدآمد کیا جائیگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے