عوامی طاقت سے نیشنل پارٹی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کرمقابلہ کیاجائے،جان محمد بلیدی
تربت(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمدبلیدی نے کہاہے کہ 29مئی کو بلدیاتی الیکشن میں عوام نے اپنی ووٹ کی طاقت سے جومینڈیٹ نیشنل پارٹی کو دی ہے نیشنل پارٹی اس مینڈیٹ کی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتی ہے، عوامی طاقت سے نیشنل پارٹی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی کسی بھی سازش کا ڈٹ کرمقابلہ کیاجائے، دوبارہ گنتی کے نام پر کسی بھی سازش کوکامیاب ہونے نہیں دیاجائے گا، کسی بھی سازش کے خلاف میدان میں نکلیں گے، ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روزنیشنل پارٹی کیچ کے ضلعی سیکرٹریٹ میں نیشنل پارٹی کے رہنما شہید ڈاکٹر نسیم جنگیان کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ عوام نے بلدیاتی الیکشن میں نیشنل پارٹی پر اعتماد کااظہارکیا ہے کیونکہ عوام اب اچھی طرح سمجھ چکے ہیں کہ نیشنل پارٹی ہی وہ واحد سیاسی قوت ہے جو بلوچستان میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے امن وخوشحالی،تعلیم وصحت، روزگار، ماہی گیری و لائیو اسٹاک کے فروغ، ساحل وسائل، معدنیات کے تحفظ کی صلاحیت اگرکسی پارٹی کے پاس ہے تووہ نیشنل پارٹی ہے انہوں نے اس سازش پر شدید برہمی کا اظہارکیاکہ بلدیاتی الیکشن میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے نام پر نیشنل پارٹی کے عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم نیشنل پارٹی اس طرح کی کسی بھی سازش یا کوشش کا ڈٹ کرمقابلہ کرے گی، انتظامیہ ومحکمہ خزانہ کے افسران کی ملی بھگت سے نیشنل پارٹی کے ووٹوں پرڈبل ٹھپہ کرکے ری کاؤنٹنگ کی کسی بھی کوشش کو عوامی قوت کے ساتھ ناکام بنائیں گے کیونکہ 2002ء کے جنرل الیکشن میں ہم ری کاؤنٹنگ کے نام پر کی گئی سازش بھگت چکے ہیں اب کسی بھی سازش کے سامنے نیشنل پارٹی سیسہ پلائی دیوارکی مانند کھڑی ہوگی، اس لئے اس طرح کا کوئی بھی سوچ اورخیال دل سے نکال دیاجائے بصورت دیگر بلوچستان بھر سے شدید ردعمل آئے گا، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور عدلیہ ایسی کسی بھی مذموم کوشش کانوٹس لے، انہوں نے کہاکہ تربت کی میئرشپ نیشنل پارٹی جیت چکی ہے، عوام کے مسترد شدہ شکست خوردہ عناصر واضح عوامی مینڈیٹ کے باوجود اب کسی بھی غلط فہمی سے نکل جائیں، قومی دولت پر ہاتھ صاف کرنے والے اور سیاست کو کاروبار کاذریعہ سمجھنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی کے کارکنان کے جذبات جوان ہیں عوامی قوت ہمارے ساتھ ہے اب کوئی بھی سازش برداشت نہیں کریں گے نیشنل پارٹی کے کارکنان قیادت کے کال کاانتظارکریں کسی بھی سازش کے سامنے نیشنل پارٹی کی قیادت پیش پیش ہوگی اورکارکنان پیچھے ہوں گے، انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی شہداء کی امین جماعت ہے شہید ڈاکٹرنسیم جنگیان، شہید مولابخش،شہید ڈاکٹرلعل بخش، شہید ڈاکٹرشفیع بزنجو سمیت دیگر شہداء کے فکروفلسفہ کو لیکر آگے بڑھیں گے، انہوں نے کہاکہ 11سال قبل شہید ڈاکٹرنسیم جنگیان کو ہم سے جداکیاگیا ان کی زبردست عوامی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں شہید نسیم جنگیان کی شہادت کے بعد کیساک سے لیکر ہوشاپ تک پورا علاقہ لاوارث ہوگیا ہے ان کا خلاء طویل مدت گزرنے کے باوجود کوئی بھی پرنہ کرسکا وہ ہمہ وقت متحرک سیاسی وسماجی کارکن تھے وہ شب وروزعوام کی خدمت میں مصروف عمل تھے انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے بلوچستان میں جو آگ لگائی ہے یہ آگ آج تک بدستور جل رہاہے اس آگ کو بجھانے کیلئے حکومتی سطح پر کوئی کوشش نہیں کی جارہی ہے، صرف ایک کوشش ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے اپنے دور وزارت اعلیٰ کے دوران کیا جس میں وہ ایک حدتک کامیاب بھی ہوئے مگر انہیں نتیجہ خیز ہونے نہیں دیاگیا، نیشنل پارٹی سمجھتی ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ صرف سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی حل ہوسکتاہے ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے 9سال قبل بطور وزیراعلیٰ اس کے سیاسی حل کیلئے کوششیں کیں اور آج بھی ہم واضح کرتے ہیں کہ بلوچستان کامسئلہ اگرکوئی حل کرنا چاہے تو اس کا راستہ یہی ہے اگرکوئی زور آور سمجھتا ہے کہ وہ بندوق کے زورپر مسئلہ حل کرسکتاہے تووہ غلطی پرہے، بلوچستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو باہم بٹھاکر ہی اس کاحل نکالا جائے بصورت دیگربلوچستان اسی طرح آگ میں جلتارہے گا، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما جسٹس (ر) شکیل احمدبلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی کے مینڈیٹ کوکسی صورت تبدیل کرنے نہیں دیں گے، عوامی قوت کے سامنے زر او روزارت نہیں ٹھہر سکتے، تعزیتی ریفرنس سے واجہ ابوالحسن نے بھی خطاب کیاجبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض چیئرمین حلیم بلوچ نے سرانجام دئیے، پروگرام میں ملابرکت بلوچ، ڈاکٹرمحمدنور بلوچ، نثار احمدبزنجو،محمدجان دشتی سمیت دیگررہنما اورکارکنان کثیرتعدادمیں شریک تھے۔