کیسکوانتظامیہ کی نااہلی اورکرپشن کی سزا لوڈ شیڈنگ کی صورت میں بلوچستان کے عوام بھگت رہے ہیں، شکیلہ نوید
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان نیشنل پارٹی کی وومن سیکرٹری و رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے مستونگ اور قلات میں جاری غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین سالوں کے دوران کیسکو انتظامیہ بار بار رابطوں کے باوجود ان کے فنڈ سے مستونگ اور قلات کیلئے منظور ہونے والے ٹرانسفارمرز کی تنصیب میں ناکام رہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ رکن بلوچستان اسمبلی شکیلہ نوید دہوار نے کہا کہ کیسکو سفید ہاتھی بن چکا ہے جسے بلوچستان اور یہاں کے پسماندہ عوام سے کوئی سروکار نہیں،کیسکو انتظامیہ کی ہٹ دھرمی‘ نااہلی اور کرپشن کی سزا لوڈ شیڈنگ کی صورت میں بلوچستان کے عوام بھگت رہے ہیں، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے صوبے میں زمینداری تباہ ہو کر رہ گئی ہے لوگ نان نفقہ کیلئے بھی محتاج ہیں اس کے باوجود بجائے اس کے لوڈ شیڈنگ میں کمی کے روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سال قبل ان کے مخصوص فنڈ سے مستونگ اور قلات کیلئے منظور ہونے والے ٹرانسفارمرز کی تنصیب تین سال گزرنے کے باوجود نہیں ہوسکی اس ضمن میں انہوں نے متعدد بار کیسکو چیف اور ایریا انجینئرز سے بھی رابطے کئے ہیں تاکہ ٹرانسفارمرز کی تنصیب کو یقینی بنایا جا سکے تاہم ٹرانسفارمرز کی عدم تنصیب کیسکو انتظامیہ کی نااہلی اور ہٹ دھرمی ثابت کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حال ہی میں ٹرانسفارمر کی تنصیب کیلئے جن ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دیئے گئے ہیں وہ وہاں کے مکینوں کو کہہ رہے ہیں کہ علاقہ مکین سامان خرید کر لائیں وہ بعد میں اس کی ادائیگی کریں گے جو معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہاکہ کیسکوکے اس رویہ کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا، اسمبلی فلور سمیت ہر جگہ کیسکو کی ہٹ دھرمی پر انتظامیہ کا محاسبہ کریں گے۔