مسلم لیگ کے صوبائی صدرسابق وفاقی وزیرسعیدالحسن مندوخیل نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیارکرلی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی صدر سابق وفاقی وزیرسعید الحسن مندوخیل نے مسلم لیگ کو خیر باد کہتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر سعیدالحسن مندوخیل نے بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں انہوں نے اکبر خان مندوخیل سمیت اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیااس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،پی پی پی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،حاجی علی مدد جتک، قاسم خان اچکزئی ودیگر بھی موجود تھے۔سابق وفاقی وزیر سعید الحسن مندوخیل نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انہوں نے مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی اجازت سے پارٹی کو خیر باد کہتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ تمام دوستوں کی مشاورت کے بعد علاقے اور صوبے کے مفاد میں کیا ہے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان سے ماضی میں بھی صوبے میں بہتری آئی تھی اور اب توقع ہے کہ مستقبل میں بھی پیپلز پارٹی بلوچستان کی بہتری پر خصوصی توجہ دیگی سعید الحسن مندوخیل کا کہنا تھاکہ بلوچستان کو فیڈریشن کا مضبوط ستون بنانے میں وہ پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے سنجیدہ جدوجہد کریں گے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی بلدیاتی انتخابات میں بہتر پوزیشن اس بات کی دلیل ہے کہ بلوچستان کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ ہیں ہم عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔