ترکی اور پاکستان کو باہمی سرمایہ کاری کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا، وزیراعظم
انقرہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکی نے صدر اردوان کی قیادت میں زبردست ترقی کی ہے، پاکستان اور ترکی کو باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے رکاوٹوں کو دور کرنا ہو گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک ترک بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورترکی کے درمیان تاریخی اور قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، برصغیر کے مسلمانوں نے ترکی کی جنگ آزادی کیلئے بھرپور تعاون کیا۔ ترک قوم کبھی اپنےدوستوں کونہیں بھولتی، ترکی نے زلزلے، سیلاب اور قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کی برآمدات 270 ارب ڈالرسے بڑھ گئی ہیں، ترکی نے اپنے انفراسٹرکچر کو بہت ترقی دی ہے۔ پاکستان مختلف شعبوں خصوصا صنعت میں ترکی کے تجربات سےاستفادہ کرنا چاہتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، عوامی روابط بڑھانے کے مواقع موجود ہیں، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے شعبے میں بھی تعاون کیا جا سکتا ہے، ترک تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔