پاکستان اور ایران دو برادر اسلامی ہمسایہ ممالک ہیں،فداحسین دشتی
کوئٹہ :زاہدان (ڈیلی گرین گوادر)پاک ایران 9th جوائنٹ بارڈر ٹریڈ کمیٹی کا دو روزہ اجلاس ایران کے شہر زاہدان منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان کی جانب سے کوئٹہ چمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 23 رکنی وفد کی قیادت صدر فدا حسین دشتی کررہے ہیں جبکہ پاکستان کسٹم کے چیف کلکٹر محمد صادق، ڈپٹی کمشنر چاغی انعام الحق، ڈی جی فشریز طارق الرحمن، ڈی ایس پاکستان ریلوے نثار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے بشیراحمد سومرو، اسٹیٹ بنک آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر سجاد احمد، صدر فیڈریشن آف انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ حاجی فتح خان، کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ، داخلہ، پلانٹ اینڈ کورنٹائن، کلچر ٹورزم اور لائیواسٹاک کے نمائندگان نے شرکت کی جبکہ ایران کی جانب سے بارڈر ٹریڈ سے منسلک اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کوئٹہ چمبر آف کامرس کے صدر فداحسین دشتی نے پاک ایران بارڈر پر تجارت کی موجودہ صورتحال اور درپیش مشکلات پر شرکاء کو بریفنگ دی اور کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر اسلامی ہمسایہ ممالک ہیں جن کے مابین بارڈر ٹریڈ کا ایک طویل سلسلہ کسی نہ کسی شکل میں موجود رہا ہے بلکہ اس میں ہر گزشہ دن کے ساتھ جدت بھی آ رہی ہے مگر آج بھی دونوں اطراف کاروباری سرگرمیوں کیلئے سازگار ماحول کی ضرورت ہے جس کیلئے دونوں اطراف کے حکام اپنی تاجر برادری اور عوام کیلئے مذید تجارتی گیٹ وے بنائے جس کیلئے ماشکیل، پنجگور، اورضلع کیچ میں بلنگور کے مقام کی تجویز دی گئی ایرانی سائیڈ میں میرجاوا اور ریمدان بارڈرجبکہ پاکستانی سائیڈ میں تفتان اور کلدان باڈر کے مقام پر انڈسٹریل زون قائم کرنے کی تجویز دی گئی اور دنوں ملکوں کے حکام نے تاجر اور تجارت کیلئے مزید آسانیاں پیدا کرنے پر اتفاق کیا جس میں دونوں ممالک کی جانب سے تجارتی گزرگاہوں میں اضافہ اور آزادانہ تجارت کیلئے تاجروں کی حوصلہ افزائی کا فیصلہ کیاگیا۔ اجلاس میں ایرانی حکام سے مکران میں فراہم کی جانے والی بجلی میں اضافے کی بھی درخواست کی گئی۔