جامعہ بلوچستان کے شعبہ آئی ایم ایس کے زیر اہتمام بزنس گالا2022کا انعقاد کیا گیا
کوئٹہ(این این آئی) جامعہ بلوچستان کے شعبہ آئی ایم ایس کے زیر اہتمام بزنس گالا2022کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف سرکاری، نجی اور کاروباری شعبہ جات کے تعاون سے اسٹال لگائے گئے تھے۔ اور اس بابت لیکچر اور معلوماتی پروگرامز منعقد کئے گئے۔ جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان نے باحیثیت مہمان خصوی شرکت کی۔ انہوں نے مختلف اسٹال کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ سمیت طلباو طالبات کو بہتر سمت کی جانب راغب کرنے اور انہیں معاشرے میں کامیابی کے ساتھ عملی زندگی میں بہتر اور کا آمد طور پر قدم رکھنے اور روزگار کے حصول کو ممکن بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔ اور مختلف شعبہ جات کے ماہرین اس حوالے سے اپنے تجربات اور معلومات سے طلبہ کو روشناس کریں گے۔ اور طلبہ ان مواقعوں سے استفادہ کرتے ہوئے روشن مستقبل کے خواب کو شرمندہ تعبیر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان مختلف تعلیمی، تربیتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ جسکا مقصد طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیتی و تجرباتی مواقع سے روشناس کرنا مقصود ہے۔ اور اس بابت شعبہ آئی ایم ایس نے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔