لاپتہ افراد کا مسئلہ ہمارے لئے انتہائی اہم ہے، نواب محمد اسلم رئیسانی

کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) سابق وزیراعلیٰ بلوچستان وچیف آف ساراوان نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہاہے کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ ہمارے لئے انتہائی اہم ہے،چیف جسٹس لاپتہ افراد سے متعلق سوموٹرنوٹس لیکر حکم دیں کہ تمام افراد کو عدالت میں پیش کیاجائے،لاپتہ افراد کی بازیابی ریاست کی ذمہ داری ہے،امید ہے کہ وفاقی حکومت کی تشکیل کردہ کمیٹی کے مثبت نتائج برآمدہونگے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہاکہ لاپتہ افراد کا مسئلہ ہمارے لئے انتہائی اہم ہے،وفاقی حکومت کی جانب سے لاپتہ افراد کے سلسلے میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ہمیں امید ہے کہ اس کے مثبت نتائج برآمدہونگے،انہوں نے کہاکہ از خود نوٹس کا اختیار چیف جسٹس سپریم کورٹ کے پاس ہے چیف جسٹس آف پاکستان سے لاپتہ افراد سے متعلق سوموٹو نوٹس لیکر حکم دے کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرکے انہیں عدالت میں پیش کیاجائے اور قصور وار ہیں تو قانون کے ذریعے انہیں سزا دیں۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ انجینئر ظہیر بلوچ،وحید بلوچ کی بازیاتی اور تمام لاپتہ افراد کوبازیاب کرانا ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہاکہ جوباتیں اور حرکتیں پی ٹی آئی والوں نے کی ہے اگر ایک بلوچ یہ باتیں کرتا تو ہمارے کئی لوگ لاپتہ ہوتے کئی گاؤں کو آگ لگادی جاتی اور ہزاروں بلوچوں کو غدار قراردیاجاتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے