صحافی قلم کی طاقت سے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے آزادنہ و مخلصانہ کردارادا کریں، نوابزادہ لشکری رئیسانی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر سیاست دان وسابق سینیٹرنوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ نومنتخب عہدیدار، اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبران اپنے قلم کی طاقت سے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے معاشرے کو معاشرتی، سیاسی بحرانوں سے نکالنے کیلئے اپنا آزادانہ و مخلصانہ کردار ادا کریں گے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے نومنتخب صدر کاظم خان،جنرل سیکریٹری میاں عامر محمود، بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبر پختواہ، اسلام آباد کے نائب صدورعارف بلوچ، ڈاکٹر جبار خٹک،حیدر امین،سلمان مسعود، طاہر فاروق سمیت سی پی این ای کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نو منتخب 44 اراکین کو بھی مبارک باددیتے ہوئے کہا ہے کہ قلم کی طاقت دنیا کی ہر طاقت سے زیادہ طاقتور ہے، انہوں نے امید اور توقع ظاہر کی ہے کہ سی پی این ای کے نومنتخب عہدیدار اپنے قلم کے ذریعے بلوچستان کو بدحالی، افراتفری،کرپشن سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداروں کو موقع ملا ہے کہ وہ اپنے معاشرے و صوبے میں مثبت تبدیلی کیلئے اپنا قلم استعمال کرکے تاریخ میں اپنا باعزت مقام چھوڑ کر جائیں تاکہ آئندہ نسلوں کیلئے ان کی فکرسوچ ورہنمائی ایک مثال بنے اور ہم اس بدحالی سے نکلیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست پر عوام کا اختیار نہیں باقاعدہ ایک بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت ریاسی نظام کام کررہا ہے پارلیمنٹ کو مفلوج کرکے درباریوں کے ایک لشکر کوپارلیمنٹ میں بیٹھا یا گیاہے۔ انہوں نے صوبے سے پسماندگی کے خاتمہ کیلئے سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنا کردار ادا نہ کرنے کو بلوچستان کی پسماندگی کی ایک وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافی قلم کی طاقت اور سیاہی سے عوام کی رہنمائی کرتے ہوئے عوام کو معاشی، معاشرتی، سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے اپنے حصہ کا آزادنہ و مخلصانہ کردار ادا کریں۔