اسپیکرنے پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کیلیے طلب کرلیا
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کو استعفوں کی تصدیق کے لیے 6 جون 2022 کو طلب کرلیا۔
ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کی جانب سے مستعفی اراکین کو مراسلے ارسال کردیے گئے ہیں اور مستعفی اراکین کی تعداد 131 ہے۔
انہوں نے بتایا کہ استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعہ المبارک 10 جون تک جاری رہے گا اور روزانہ کی بنیاد پر 30 مستعفی اراکین اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے اور ہر رکن کے لیے 5 منٹ کا وقت مقرر ہے۔
ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مستعفی اراکین کو قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 43(2)(b) کے تحت تفویص اختیارات کو بروکار لاتے ہوئے مراسلہ جاری کیا۔