موجودہ وفاقی حکومت نہ صرف اپنی مدت پوری کرے گی بلکہ پاکستان کوبحرانوں سے بھی نکالے گی، روزی خان کاکڑ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نہ صرف اپنی مدت پوری کرے گی بلکہ پاکستان کو بحرانوں سے بھی نکالے گی اس کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور خاص طورپر عوام کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا تاکہ ملک خوشحالی اور ترقی کی طرف گامزن ہواور اس کے ثمرات ہر ایک کو مل سکیں گے،عمران نیازی ملک میں انتشار پھیلانے کی پالیسی ترک اور اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ کر ملکی مفاد کیلئے کام کرے،پیپلز لیبر بیورو پاکستان پیپلزپارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں پیپلز لیبر بیورو کو صوبے میں مزید فعال اور منظم بنایا جائے۔ بات انہوں نے پیپلز لیبر بیورو بلوچستان کے صدر شاہ جہان گجر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں پیپلز لیبر بیورو بلوچستان کے سینئر نائب صدر حاجی عزیز لانگو، نائب صدر حاجی عارف محمد حسنی،نائب صدر شاہ نذر ہارونی ڈپٹی جنرل سیکرٹری صغیر کھرل، رابطہ سیکریٹری اکرم گل، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری امین جاگل،اختر بلوچ، اسماعیل ساتکزئی،عبدالحق نیچاری میر بابے بنگلزئی، قادر کھرل، محمد اسلم اچکزئی اوراسد گجر سمیت دیگر شامل تھے۔اس موقع پرپیپلز پارٹی کے صوبائی فنانس سیکرٹری ملک حمید کاکڑ، صوبائی رابطہ سیکرٹری ربانی خلجی،صوبائی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری قاسم اچکزئی،صوبائی ریکارڈ سیکریٹری در محمد ہزارہ، صوبائی ایگزیکٹیو ممبرز سردار سرور سلیمان خیل، اختر شاہ مندوخیل، منور لانگو،پیپلز یوتھ کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اسماعیل حق یار، ڈپٹی جنرل سیکریٹری ملک حنیف کاکڑ، میر رزاق جتک اور دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ نے کہا کہ عمران نیازی اوراسکے نا اہل ٹولے کی ناقص پالیسیوں کی بدولت ملک کو چار سال کے دوران ناقابل تلافی نقصان پہنچا عمران نیازی کی ناقص خارجہ پالیسیوں کی بدولت پاکستان عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہوگیا پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عالمی دنیا میں پاکستان کی ساکھ بحال کرنے میں انشاء اللہ کامیاب ہوجائیں گے بلاول بھٹو زرداری کو غیرملکی دوروں کے دوران جو پذیرائی ملی ہے وہ حوصلہ افزاء ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق نا اہل اورسلیکٹڈ حکمران کی نااہلی کی وجہ سے ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے وفاقی حکومت میں شامل سیاسی جماعتیں ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اور معیشت کی بہتری کیلئے ملکر کام کر رہی ہیں اورحکومت کے فیصلوں کی بدولت ملک میں استحکام آئے گا۔انہوں نے کہاکہ عمران نیازی نے لانگ مارچ کے ذریعے ملک میں انتشار اور فتنہ پھیلانے کی کوشش کی لیکن سیاسی جماعتوں کی موثر حکمت عملی کی وجہ سے عمران نیازی کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اورعوام نے عمران نیازی کو مسترد کردیا۔ روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پیپلز لیبر بیورو پاکستان پیپلز پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے پیپلز لیبر بیورو کو صوبے میں مزید فعال اور منظم بنایا جائے گا۔