زمینی حقائق کے مطابق ایسا ترقیاتی بجٹ بنایا جائے جس سے پسماندگی کا خاتمہ ہو،وزیراعلیٰ بلوچستان


کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے بجٹ اور پی ایس ڈی پی کی تیاری سے متعلق امور کے جائیزہ اجلاس کے دوران بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال میں اب تک محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات نے 105 بلین روپے کی اتھارائیزیشن اور محکمہ خزانہ نے 89 ارب روپے جاری کئے ہیں جو صوبے کی تاریخ کے کسی بھی بجٹ میں سب سے زیادہ فنڈز ہیں اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ اس کے باوجود کہ گزشتہ حکومت نے غیر حقیقی ترقیاتی بجٹ بنایا تھا تاہم موجودہ حکومت نے بہتر فنانشل میجمینٹ کے زریعہ فنڈز کے اجراء کو متوازن بناتے ہوئے غیر ضروری اخراجات اور غیر ترقیاتی بجٹ کو کم سے کم سطح پر رکھتے ہوئے ترقیاتی مد میں خطیر فنڈز کا اجراء یقینی بنایا جس سے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت میں اضافہ ممکن ہو سکا اجلاس میں اتھارائیزیشن اور فنڈز کے اجراء کے تناسب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اور محکمہ خزانہ کی کارکردگی کو سراہا گیا اجلاس میں آئندہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی کے خدوخال اور ترجیحات کا تعین بھی کیا گیا اس حوالے وزیراعلیٰ نے اپنا وژن دینے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں میں اجتماعی مفادات کے منصوبوں اور کم ترقیاتی علاقوں کو ترجیح دی جائے وزیراعلیٰ نے کہا کہ زمینی حقائق کے مطابق ایسا ترقیاتی بجٹ بنایا جائے جس سے پسماندگی کا خاتمہ ہو اور عام آدمی تک ثمرات پہنچ سکیں وزیراعلی نے کہا کہ بیشک ہمارے وسائل کم اور ضروریات زیادہ ہیں اور ان قلیل وسائل میں کوئی انقلابی تبدیلی نہیں لا ئی جاسکتی تاہم یہ ہم سب کی زمہ داری ہے کہ دستیاب فنڈز کے ضیاع اور بدعنوانی کو روکیں انہوں نے کہا کہ صرف دعوے کرنے سے تبدیلی نہیں آسکتی بلکہ اس کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے ہم دعووں پر نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتے ہیں اور ہماری مختصر مدت کی کامیابیاں سب کے سامنے ہیں اجلاس میں وفاقی پی ایس ڈی پی کی پیش رفت کے جائیزہ کے علاوہ آئندہ مالی سال کی وفاقی پی ایس ڈی پی کے لئے مجوزہ منصوبوں پر بھی غور کیاگیا اور فیصلہ کیا گیا کہ بابر کچھ ڈیم سمیت دیگر اہم ڈیموں کی تعمیر کے ْمنصوبوں کو وفاقی پی ایس ڈی پی کے لئے ترجیح دی جائیگی جبکہ کوئٹہ میں ٹرانسپورٹ کے نظام کی بہتری کا منصوبہ بھی شامل کرایا جائے گا جسکا اعلان وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ کوئٹہ میں کیا تھا وزیراعلیٰ نے ٹرانسپور ٹ منصوبے کی فزیبیلٹی جلد تیار کرنے کی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے توقع ظاہر کی کہ وزیراعظم بلوچستان کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لئے خصوصی دلچسپی لینگے اجلاس میں طے کیا گیا کہ وزیراعلیٰ اپنی ٹیم کے ہمراہ جلد اسلام آباد جاکر وزیراعظم اور وفاقی وزیر پلاننگ سے ملاقات کرینگے تاکہ بلوچستان کی ترقی میں وفاقی حکومت کی معاونت کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی اے سی ایس منصوبہ بندی و ترقیات سلیمان مفتی سیکریٹری خزانہ حافظ عبدالباسط وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری لعل جان جعفر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے