خلجی قوم آنے والے عام انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی،لالا یوسف خلجی
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ خلجی قوم آنے والے عام انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی سابقہ ادوار میں خلجی قوم کے ووٹوں سے کامیاب ہونے والے سیاسی جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے قوم کی کوئی خدمت نہیں کی،قوم نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ کل انہی نوجوانوں نے بڑے ہوکر ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے صوبے سے نفرتوں کے خاتمے اور محبت و بھائی چارے کے فروغ کیلئے ہم سب کو ملکرکام کرنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو چشمہ اچوزئی میں خلجی قوم کے زیر اہتمام جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسے سے مفتی کمال غازی، حاجی جان محمد،شیرمحمد خلجی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔لالا یوسف خلجی نے کہا کہ خلجی قوم ملک کے کونے کونے میں آبادہے خلجی قوم کو مذہب اور قوم پرست کے نام پر ہمیشہ ورغلا کر ووٹ حاصل کئے گئے لیکن خلجی قوم کے ووٹوں سے ایوانوں تک پہنچنے والوں نے آج تک خلجی قوم کیلئے کچھ نہیں ہے قوم کے پڑھے لکھے نوجوان ہاتھوں میں ڈگریاں لئے نوکریوں کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھارہے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ خلجی قوم آنے والے عام انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی اور خلجی قوم کے پڑھے لکھے نوجوانوں کو آگے لاکر انتخابات میں کھڑے کریگی تاکہ وہ کامیابی کے بعد قوم کی صحیح معنوں میں خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کونفرتوں اور آپس کی لڑائیوں کی وجہ سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے جن نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم اور کتاب ہونی چاہئے تھی وہ کلاشنکوف اٹھائے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خلجی قوم کو چاہئے کہ وہ اپنے نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں کیونکہ کل انہی نوجوانوں نے بڑے ہوکر ملک و قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو قومیت اور مذہب پرستی کے نام پر لڑانے والے آج اقتدار کیلئے ایک ہی پلیٹ فارم پراکٹھے ہوگئے ہیں عوام آئندہ انتخابات میں عوام کی خدمت نہ کرنے والے عوامی نمائندوں کاووٹ کے ذریعے احتساب کریں اورایسے نمائندوں کا انتخاب عمل میں لائیں جو ایوانوں میں جاکرعوام کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ اورخلجی قوم صوبے میں آباد برادر اقوام کے درمیان نفرتوں کے خاتمے اورامن و بھائی چارے کے فروغ کیلئے اپنا بھر پورکردار ادا کر رہی ہے قبائلی عمائدین اور مشران کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھ کر قبائلی دشمنیوں کے خاتمے میں اپنا کردارادا کریں اس حوالے سے بلوچستان امن جرگہ اپنا ہرممکن کردارادا کرنے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ قبائلی دشمنیوں کی وجہ سے بلوچستان ترقی اور تعلیم کے حوالے سے دوسرے صوبوں سے بہت زیادہ پیچھے ہے ہمیں چاہئے کہ اپنی نوجوان نسل کے بہتر مستقبل کیلئے ان دشمنیوں کو ختم کرکے محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔