امپورٹڈ حکومت کے تشدد کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
پشاور(ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کے تشدد کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کالام میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے آزادی مارچ کے دوران پر امن کارکنوں پر بدترین تشدد کیا اور ہم امپورٹڈ حکومت کی جانب سے تشدد کو کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں امپورٹڈ حکومت کے تشدد کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف شہید کارکنوں کے قتل کا مقدمہ درج ہو گا۔ رانا ثنا اللہ نے میرے خلاف ایف آئی اے درج کروائی ہے اور رانا ثنا اللہ کے قلم میں جتنا زور ہے وہ میرے خلاف استعمال کر لیں۔
محمود خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت جتنا بھی تشدد کرے ہم حقیقی آزادی کی جنگ سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں اور ہمارے لیڈر عمران خان دوبارہ کال دیں گے تو پہلے سے زیادہ تعداد میں عوام نکلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پرامن کارکنوں پر جو تشدد ہوا اس کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی اور یہ ملک اس لیے نہیں بنا تھا کہ یہ وسائل چوری کر کے بیرون ملک اپنے اثاثے بنائیں۔ امپورٹڈ وزیر اعظم قومی احتساب بیورو (نیب) کو مطلوب ہے اور آدھے سے زیادہ کابینہ ضمانت پر ہے۔وزیر اعلیٰ کے پی کے نے کہا کالام گبرال ہائیڈرو پاور پراجیکٹ علاقے کی ترقی و خوشحالی میں سنگ میل ثابت ہو گا اور منصوبہ 36 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔