شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ میں سرجن نے 03 کلو وزنی رسولی کامیاب آپریشن کے ذریعے نکال لی
مستونگ (ڈیلی گرین گوادر)شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال مستونگ میں سرجن نے 03 کلو وزنی رسولی کامیاب آپریشن کے ذریعے نکال لی۔ تفصیلات کے مطابق ہسپتال کے پبلک ریلیشن آفیسر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بروز جمعرات 26 مئی 2022 کوسرجن ڈاکٹر مریم سلیم اور انکی ٹیم نے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں ایک انتہائی پیچیدہ اور مشکل آپریشن انتہائی مہارت سے سر انجام دیا۔ اس کامیاب آپریشن میں تین (03) کلو وزنی رسولی بریسٹ سے نکال لی گئی جو کہ سائز میں بھی بہت بڑی تھی۔ الحمد للہ مریضہ کی طبیعت اب بہت بہتر ہے۔دریں اثنا ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سعید احمد میروانی اور ہسپتال کے پی آر آفیسر ارباب اویس کاسی نے سرجن ڈاکٹر مریم سلیم اور انکی ٹیم کی بہترین کارکردگی کو بہت سراہا اور کامیاب آپریشن پر انکو مبارکباد دی اور سی ای او نے مزید کہا کہ مستقبل میں بھی ہم ڈاکٹرز سے اسی طرح کی بہترین کارکردگی کی امید رکھتے ہیں۔پی آر آفیسر نے مزید کہا کہ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سعید میروانی نے چارج سنبھالنے کے بعد مختصر مدت میں ہسپتال میں قابل تعریف کام کیے ہیں، انکی کوشش ہے کہ ہسپتال کے ڈاکٹرز، سرجنز اور دیگر اسٹاف کو کام کرنے کے لیے تمام تر ضروری مشینری، ہر قسم کی ادویات اور دیگر ساز وسامان کے ساتھ ساتھ تمام تر سہولیات میسر ہو تاکہ ڈاکٹرز و سرجنز ہر قسم کا علاج اور بڑے آپریشنز بخوبی کرسکے۔ سی ای او کی کاوشوں اور ڈاکٹروں کی محنت کا ہی ثمر ہے کہ آج ایک بہت بڑا آپریشن کامیابی سے ہسپتال میں سرانجام پایا ہے۔ عوام کا اعتماد اور تعاون رہا تو آئندہ بھی یہاں کی غریب عوام کواپنے علاج معالجے اور کسی بھی قسم کے آپریشن کیلئے مستونگ سے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی انکو انکی دہلیز پر ہی طب کے حوالے سے ہسپتال ہذا میں ہر قسم کی سہولت میسر ہوگی۔