پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں، چیف سیکرٹری بلوچستان
پشین(ڈیلی گرین گوادر) چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ پولیو کی راہ میں حائل تمام تر چیلنجز کے باوجود ہم پولیو وائرس کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں انہوں نے تمام انتظامی حکام اور دیگر معاون اداروں کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام تر وسائل پولیو و ائرس کے خاتمے کے لیے بروے کارلائے جائیں۔پولیو جیسی مہلک بیماری کا خاتمہ اگرچہ مشکل کام ہے لیکن ناممکن ہرگز نہیں، اپنی آئندہ نسلوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانا ہمارا قومی فریضہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشین میں انسداد پولیو سے متعلق اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں صوبائی کوآرڈینیٹر ایمرجنسی اپریشن سینٹر حمیداللہ ناصر، ڈائریکٹر جنرل صحت محمد نور قاضی، صوبائی سربراہ ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر مختیار، ڈپٹی کمشنر پشین ظفرعلی بلوچ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالغفار کاکڑ، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر پولیو حکام بھی موجود تھے، اجلاس میں انسداد پولیو مہم کو مزید موثر انداز میں چلانے اور درپیش مشکلات کو دور کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر پشین ظفرعلی بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 23 مئی سے شروع کردہ قومی انسدادپولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے ایک لاکھ 37 ہزار 466 بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلوائے جارہے ہیں، جس کیلئے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی تربیت یافتہ فکسڈ، ٹرانزٹ اور موبائل ٹیمیں مکمل تندہی اور جانفشانی سے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لارہی ہیں۔چیف سیکریٹری نے ضلع پشین میں انسداد پولیو مہم کو موثر اور نتیجہ خیز انداز میں چلانے کے لیے ضلعی انتظامیہ،محکمہ صحت،دیگر متعلقہ محکموں اور شراکت دار بین الاقوامی اداروں میں شراکت کار کو مربوط بنانے اور اسے ایک دوسرے سے ہم ا?ہنگ بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شرکاء کو اس سلسلے میں فوری طور پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع پشین کے ہائی رسک یونین کونسلوں پر خصوصی توجہ مرکوز کریں اور اور پولیو مہم میں مقامی کمیونٹی کی شراکت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہائی رسک یونین کونسلوں میں موثر پولیو مہم کے ساتھ ساتھ وہاں کی مجموعی ترقی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کریں۔انسداد پولیو مہم کے زیادہ سے زیادہ نتائج کے حصول کو یقینی بنانے کے لیے جدید اور تخلیقی زاویے سے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک سے پولیو کے وائرس کا خاتمہ ہمارا قومی فریضہ اور ذمہ داری بھی ہے جس کے لیے ایک نئے عزم اور تخلیقی زاویے کے ساتھ سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے جس کے لیے حکومت تمام وسائل استعمال کرے گی۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ انسدادپولیو مہم میں پولیو ورکرز کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں تاکہ ہمارے بچے اس موذی مرض سے محفوظ رہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے بہادر فرنٹ لائن ورکرز بچوں تک ویکسین کی رسائی ممکن بنا رہے ہیں دنیا بھر سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہوچکا ہے لیکن رواں برس ایک کیس افغانستان اور ایک کیس ملاوی اور تین پاکستان کے ضلع شمالی وزیرستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔اس وائرس کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے مگر والدین ہر مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے دو ممالک ہیں جہاں پر پولیو وائرس ابھی بھی موجود ہے جب تک اس وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا تب تک بچوں کی معذوری کا خطرہ موجود رہے گا۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنر پشین کو پولیو مہم کے مکمل نگرانی اور انکاری والدین کو راضی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام اور قبائلی عمائدین کے تعاون سے مقامی انتظامیہ کو انسداد پولیو مہم میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اور پولیو کو صوبے سے پاک کرنا ہوگا۔چیف سیکرٹری نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہم ایک دن پاکستان سے پولیو جیسی موذی مرض کے خاتمے میں ضرور کامیاب ہوجائیں گے۔ بچوں کی روٹین ایمیونائزیشن پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ روٹین ایمونیشن پروگرام کو فروغ دیکر ہی ہم بچوں کی بیماریوں سے چھٹکارا پاسکتے ہیں۔ دریں اثناء چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بلدیاتی انتخابات کے تیاریوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئیچیف سیکرٹری بلوچستان کا بلدیاتی انتخابات کو پرامن ماحول میں منعقد کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بلدیاتی انتخابات میں مکمل طور پر غیر جانبدار رہیں۔تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آپس میں مضبوط روابط اور تعاون قائم کرے۔