الیکشن کمیشن، اگر صاف وشفاف الیکشن نہیں کراسکتے تو سیاسی جماعتوں کو بتادیں، جان محمد بلیدی
تربت(ڈیلی گرین گوادر) نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہاکہ الیکشن کمیشن، سول وملٹری انتظامیہ اگر صاف وشفاف الیکشن نہیں کراسکتے تو سیاسی جماعتوں کو بتادیں، بلدیاتی انتخابات میں عوام کے حق رائے دہی کے راستے میں دھونس و دھمکی اور امیدواروں کو زبردستی دستبردار کرانے کی کوششیں ناقابل قبول اور قبل از انتخابات کھلی دھاندلی ہیں، الیکشن کمیشن، حکومت اورمقامی انتظامیہ صاف وشفاف الیکشن کے انعقاد کو ہرقیمت پر یقینی بنائیں، امیدواروں پر دھونس زبردستی، مسلح افراد کے ذریعے ان پر دباؤ اور انہیں دستبردار کرانے کی کوششیں کرنے والوں کے خلاف سرکار مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کرے، ان خیالات کااظہار انہوں نے بی این پی عوامی کے مرکزی سنیئرنائب صدر میر اصغررند کی رہائش گاہ پر ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، پریس کانفرنس سے بی این پی عوامی کے مرکزی سنیئرنائب صدرمیر اصغررند اوربی این پی کے مرکزی رہنما میجرجمیل احمددشتی نے بھی خطاب کیا، نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے کہاکہ گزشتہ روز تمپ کے ایک امیدوار عبدالرؤف کو سرکاری پارٹی کے مسلح افرادنے زبردستی ڈی سی آفس لاکر انہیں الیکشن میں بطور امیدوار دستبردارکرانے کی کوشش کی ہے، مسلح افراد کونسلر کے ایک امیدوار کو اٹھاکر ڈی سی آفس لاتے ہیں مگر قانون حرکت میں نہیں آتا اور ان مسلح افراد کو گرفتار نہیں کیاجاتا، عبدالرؤف کو لانے والے تمام مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیاجائے، انہوں نے کہاکہ بلدیاتی الیکشن میں سرکاری پارٹیوں اور وزراء کی طرف سے مختلف طریقوں سے دھاندلی اور مداخلت کی جارہی ہے،12سے15نئے پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جو دھاندلی کی پہلی اسکیم ہے، صوبائی وزراء اپنے اپنے حلقوں میں موجود ہیں وہ یہاں غریب عوام کو سولر پلیٹس، واٹرکورسز، تالاب، ٹیوب ویل، سلائی مشینیں، بلڈوزرگھنٹے و دیگر مراعات تقسیم کررہے ہیں حالانکہ الیکشن قواعد وضوابط کے مطابق الیکشن مہم کے دوران صوبائی وزراء اپنے حلقوں میں نہیں جاسکتے مگر سب وزراء یہاں نہ صرف موجودہیں بلکہ الیکشن قواعد کی صریح خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں مگر اس پر الیکشن کمیشن مکمل خاموش ہے کوئی نوٹس نہیں لیا جارہاہے اب تونوبت یہاں تک آپہنچی ہے کہ امیدواروں کو زبردستی دستبردار کرایا جارہاہے انہوں نے کہاکہ سیاسی جماعتیں الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی مکمل پابندی کررہے ہیں مگر حکومتی نمائندے خود اس کی خلاف ورزی کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ ایسا محسوس ہوتاہے کہ بلوچستان کی سول وملٹری انتظامیہ چاہتے ہیں کہ بلوچستان اسی طرح آگ میں جلتارہے یہاں کے عوام کی حق رائے دہی کو تسلیم کئے بغیر عوامی بے چینی کاخاتمہ ممکن نہیں ہے انہوں نے کہاکہ حکومت اور سیکورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ امیدواروں کو سیکورٹی دے مگر سرکار خود ملوث ہے۔