سندھ کی جانب سے بلوچستان کو پانی کی فراہمی بند کرنے پربھر پور احتجاج کریں گے،حاجی محمد خان لہڑی

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیرآبپاشی میر محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ سندھ کی جانب سے بلوچستان کو پانی کی فراہمی بند کرنے پربھر پور احتجاج کریں گے۔یہ بات انہوں نے پیر کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ1991ء کے معاہدے کے تحت ارسا سند ھ،پنجاب،کے پی کے اور بلوچستان کو اسکا حصہ دینے کے پابند ہیں اسوقت معاہدے کی صریحاً خلاف ورزی ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو سندھ سے ملنے والے پانی کی مقدار 83فیصد کم کردی گئی ہے ارسا معاہدے کے تحت کیرتھر کینال میں 1500کیوسک پانی ہمیں ملنا چاہئے لیکن اسکے برعکس اسوقت ہمیں 500کیوسک پانی دیا جارہاہے اسی طرح پٹ فیڈر کینال میں 4800کیوسک پانی ہمارا حصہ ہے لیکن ہمیں 1300کیوسک پانی دیا جارہا ہے جبکہ اوچ کینال مانجھوٹی کینال میں 200کیوسک پانی ملنا چاہئے اس میں بھی پانی خشک ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستا ن میں اسوقت بحرانی کیفیت پیدا ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر ارسا معاہدے پر عملدرآمد نہ ہوا تو 25مئی کو ہونے والے اجلاس میں نہ صرف احتجاج کریں گے بلکہ اجلاس سے بائیکاٹ بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر بلوچستان کو اسکے حصے میں ملنے والے پانی کے مسئلے کو حل کرے بصورت دیگر صوبے بھر میں ارسامعاہدے کی خلاف ورزی پر احتجاج بھی کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے