شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پرقابو پانے کے لئے دوست ملک ایران نے جہازفراہم کردیا، میرعبدالقدوس،مولانا عبدالواسع
ژوب (ڈیلی گرین گوادر) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وفاقی ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع نے کہاہے کہ ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ پر قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت کی خصوصی کوششوں سے دوست ملک ایران نے جہاز فراہم کر دیا، جو جلد شیرانی میں آپریشن شروع کردے گا۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ژوب میں میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے مکمل طور پر الرٹ ہے اور ریسکیو آپریشن جاری ہے اور شیرانی میں پی ڈی ایم اے نے امدادی کیمپ قائم کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے گزشتہ روز کوہ سلیمان رینج میں لگی آگ بچانے کے دوران شہید ہونے والے تین افراد کے لواحقین کے لئے دس لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے پانچ لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا، اور وفاقی حکومت بھی شہدا اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کرینگے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں فورسز کے اقدامات قابل تعریف ہے۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع نے اس موقع پر کہا کہ ہم وزیراعظم شہباز شریف کا شکر گزار ہے کہ انھوں نے ضلع شیرانی کے جنگلات میں لگی آگ اور ہنگامی صورتحال کو قابو کرنے کے لئے اقدامات کئے اور مجھے فوکل پرسن بنایا، انھوں نے کہا کہ شیرانی میرا پنا حلقہ انتخاب بھی ہے اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومت کے بھی ہم مشکور ہے اسی جذبے کے تحت انشاء اللہ ہم جنگل میں لگی آگ پر قابو پانے کے اور بھی اقدامات کرینگے۔اس سے قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وفاقی وزیر و فوکل پرسن مولانا عبدالواسع،کمانڈر 12 کور لیفٹنٹ جنرل سرفراز علی نے کوہ سلیمان رینج میں لگی آگ بجھانے کے آپریشن کا فضائی جائزہ بھی لیا۔
٭٭٭٭٭٭