وزیراعلیٰ بلوچستان سے ورلڈ بنک پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر نجے بینہیسن کی ٹیم کے ہمراہ ملاقات

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے ورلڈ بنک پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر مسٹر نجے بینہیسن (Najy Benhassine) نے اپنی ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ یہاں ملاقات کی صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد خان لہڑی بھی اس موقع پر موجود تھے ملاقات میں بلوچستان میں سماجی و معاشی شعبے میں عالمی بنک کے جاری اور مجوزہ منصوبوں پر تبادلہ خیال کیاگیااور عالمی بنک کی معاونت میں اضافے سے متعلق تجاویز اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیاعالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے حکومت بلوچستان کی ترقیاتی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایاکہ عالمی بنک بلوچستان میں بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور سماجی و معاشی شعبہ کی ترقی کیلئے مزید معاونت فراہم کرے گا انہوں نے آبی وسائل، زراعت، توانائی اور انسانی وسائل کے شعبوں کی ترقی کیلئے معاونت میں اضافے پر رضامندی کا اظہار کیا کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا کہ ورلڈ بنک کے تعاون سے بلوچستان کی ترقی کیلئے گرانٹ کے طور پر فنڈز کی فراہمی اور تکنیکی معاونت میں اضافے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جائے گا اور عالمی بنک دیگر ترقیاتی شراکت داروں اور ڈونرز کو بھی بلوچستان کی ترقی میں معاونت کی فراہمی کی جانب راغب کرے گا وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان ایک وسیع و عریض صوبہ ہے اور یہاں لوگوں کی معاشی و سماجی زندگی بہتر کرنے کیلئے بہترین منصوبوں کی ضرور ت ہے انہوں نے عالمی بنک کی معاونت میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس گرانقدر تعاون پر عالمی بنک کے شکر گذار ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ذرائع آمدن کی کمی اور ترقیاتی منصوبوں میں اضافے کو مد نظر رکھتے ہوئے قرض کی بجائے عالمی بنک گرانٹ فراہم کرے اور عالمی بنک قرضوں کے مارک اپ میں کمی کرے کیونکہ ہمیں بنیادی ڈھانچہ کو مضبوط بنانے کیلئے وسائل کی ضرورت ہے ہماری ترجیح ماحولیاتی تبدیلی، انسانی وسائل کی ترقی تعلیم و فنی تربیت، روزگار، پانی، زراعت اور توانائی کے شعبوں کی ترقی ہے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر عالمی بنک سے کوئٹہ میں آبی وسائل کی ترقی اور زیر زمین پانی کے ذخائر کی بہتری کے ماسٹر پلان اور جامع اسٹڈی کیلئے تعاون کی درخواست بھی کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں پیداواری شعبے میں پیداواری صلاحیت بڑھانے، گورننس اور مینجمنٹ میں بھی معاونت کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں تمام تجاویز تفصیلی فزیبلٹی سٹڈی کے ساتھ پیش کی جانی چاہئیں تاکہ حکومت بلوچستان کے پاس منصوبوں کے انتخاب کیلئے کسی ایک آپشنز کی بجائے کئی آپشنز موجود ہوں وزیراعلیٰ نے اس موقع پر عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کو یقین دہانی کرائی کہ عالمی بنک کی معاونت سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے صوبائی حکومت اپنا مکمل تعاون فراہم کرے گی وزیراعلیٰ نے ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر کو سوینئر بھی پیش کیا واضح رہے کہ صوبے میں عالمی بنک کی معاونت سے مختلف شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جن میں سے جاری منصوبوں کی تعداد 4ہے جس کا کل تخمینہ 212ملین ڈالر ہے منصوبوں میں گورنمنٹ اینڈ پالیسی پراجیکٹ بلوچستان، بلوچستان ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ، بلوچستان لائیولی ہوڈ اینڈانٹرپنیورشپ پراجیکٹ اور بلوچستان انٹی گریٹڈواٹر ریسورس مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ شامل ہیں جبکہ مالی سال 2023کے مجوزہ منصوبوں میں بلوچستان سماجی تحفظ منصوبہ بلوچستان شمسی (پی وی) منصوبہ گرلز رزلٹ ایجنڈہ برائے بہتری شعبہ تعلیم بلوچستان اور وفاقی قومی صحت سپورٹ پروگرام شامل ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے