ہرقوم اپنا کلچر ڈے مناتی ہے اور ہماری پہچان بھی ہمارا کلچر ہے، میرعبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ زندہ اور باشعور قومیں اپنی روایات اور اقدار سے جڑی رہتی ہیں ہر قوم کی پہچان اس کی طرز معاشرت،پکوان،ثقافت، فن اور تہذیب سے ہوتی ہے کلچر ڈے منانے کا مقصد بھی ان تمام روایات کو زندہ اور قائم رکھنا ہے جو کسی بھی قوم کی شناخت ہوتی ہیں ان خیالات کا اظہا انہوں نے ہزارگی کلچر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں صوبائی وزراء عبدالخالق ہزارہ، میر محمد خان لہڑی، رکن صوبائی اسمبلی قادر نائل، سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو سمیت ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے آج تقریب میں شرکت پر خوشی محسوس ہورہی ہے ہرقوم اپنا کلچر ڈے مناتی ہے اور ہماری پہچان بھی ہمارا کلچر ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آباد تمام اقوام کے کلچر او رثقافت سے متعلق ایک دن منایا جائے گاجس میں بلوچستان بھر کی اقوام کی روایات، تہذیب، اور فن کو اجاگر کیا جائے گا وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر میں کلچر کے فروغ کیلئے کلچرل کمپلیکس بنائے جائیں گے کیونکہ ہم نے بحیثیت قوم اور پاکستانی ایک ساتھ چلنا ہے اور مل کر آگے بڑھنا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں ہزارہ کمیونٹی کا بہت بڑا فین ہوں کیونکہ ہزارہ برادری کے لوگ صلاحیتوں اور لیاقتوں سے بھرپور ہیں اور انہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھی ملک اور صوبے کے نام روشن کیا ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبائی محکمہ کلچر و ثقافت آئندہ بھی ایسے پروگراموں کا انعقاد تواتر سے کرتے رہیں گے تاکہ صوبے کا مثبت عکس یونہی اجاگر رہے اور صوبے میں امن اور رواداری کی فضاء کو فروغ ملے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹ کے انعقاد سے مثبت اور تعمیری رویوں کو فروغ ملتا ہے اور اتحاد و اتفاق اور ملی یک جہتی کی فضاء پیدا ہوتی ہے قبل ازیں وزیراعلیٰ کو روایتی ہزارگی کی ٹوپی اور چادر بھی پہنائی گئی وزیراعلیٰ سے اس موقع پر ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ باکسر محمد آصف نے بھی ملاقات کی بعدازاں وزیراعلیٰ نے ہزارگی کلچر ڈے کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا اور تقریب میں لگائے گئے مختلف اسٹالوں کا معائنہ بھی کیا اور ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹوں سے بات چیت بھی کی اور ان کو اس خوبصورت ایونٹ کے انعقاد پر مبارکباد دی تقریب سے صوبائی وزیر کھیل ثقافت و امور نوجوانان عبدالخالق ہزارہ نے بھی خطاب کیا۔