بلوچستان کے عوام کومنتخب نمائندوں نے ہمیشہ دھوکہ دیا ہے، ہدایت الرحمان بلوچ
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)حق دو تحریک کے قائد،جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ حق دو تحریک بلدیاتی الیکشن میں بھر پورحصہ لے رہی ہے سیاسی دشمن حق دوپینل کے خلاف ایک ہوگئے ہیں انشاء اللہ عوامی قوت وتائید سے ان کا بھر پور مقابلہ کرکے کامیابی حاصل کریں گے حق دوپینل کی کامیابی غریب پریشان حال عوام کی کامیابی ہے۔بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ کرکے بدعنوانی،بدمعاشی،ظلم وجبر اور زیادتی کا خاتمہ کریں گے۔بلوچستان کیساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند ہوناچاہیے۔نوجوان سیاسی جماعتوں سے مایوس کارکنان ہماراثاثہ ہیں قومیت ومذہب کے نام پرعوام کو لڑانے والے حق دوپینل کے خلاف ایک ہوگئے انشاء اللہ سب کا ناکام کریں گے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادرمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ حق دو تحریک بلوچستان کے عوام کو حقیقی قیادت دیکر مسائل ومشکلات سے نکال لیگی بلوچستان کے عوام کو ہر الیکشن میں سبزباغ دکھاکر دھوکہ دیاجاتاہے۔تبدیلی عوامی قوت تائید سے ہم لاسکتے ہیں۔بدقسمتی سے صرف بے عمل اعلانات،بے عمل وعدے کیے جارہے ہیں بلوچستان کے معصوم عوام کومنتخب نمائندوں نے ہمیشہ دھوکہ دیا ہے انشاء اللہ جماعت اسلامی بلوچستان کے عوام کو حقوق دلائیگی۔بلوچستان کو ریگستان بنانے والوں کو بے نقاب اور ان کو ان کے کرتوتوں کی سزاملنی چاہیے تاکہ عدل وانصاف کا نظام قائم ہوجائے۔بلوچستان کے موجودہ حکمران بھی بدعنوانی اقرباء پروری کو دوام دے رہی ہے۔ بدقسمتی سے بلوچستان کے قوم پرست ومذہب پرستوں نے صوبے کے عوام کو حقوق دلانے کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے آج بلوچستان کے عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں بنیادی انسانی حقوق نہیں مل رہے دوسری جانب بلوچستان میں روزگار ناپید اور منشیات کے اڈے آبادہیں بلوچستان میں منشیات کے اڈے آباد کرنے میں حکومت اور ان کے آلہ کار ملوث ہیں بلوچستان کے عوام کو حق حکمرانی نہیں دیا جارہا حق دوتحریک بلوچستان کے مظلوم عوام کیلئے پہلے بھی آوازبلندکی۔ آئندہ بھی بلوچستان کے مظلوم عوام کے حقوق کیلئے آوازبلند کریگی۔بلوچستان کے عوام پر تجرجات کیے جاتے ہیں ووٹوں کی خرید وفروخت،منتخب نمائندوں کی خرید وفروخت میں بھی بلوچستان سب سے آگے ہوتا ہے کرپشن،پانی کی ٹینکیوں سے لوٹی گئی قومی دولت بھی بلوچستان سے برآمد ہورہی ہے اس لیے عوام کو ہوش میں آناچاہیے اور بدعنوانوں کے بجائے حق دوتحریک وجماعت اسلامی کاساتھ دینا چاہیے حق دوتحریک ہی حقوق کے حصول،مسائل کے حل کو واحد آپشن ہے عوام مسائل کے حل حقوق کے حصول کیلئے حق دوپینل کاساتھ دیں۔