وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ،وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی گئی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے خلاف جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد پر 14 اراکین اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما یار محمد رند نے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا اعلان کیا تھا۔
یار محمد رند نے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کیلئے ہمارے پاس نمبرز پور ے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما یار محمد رند نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ تمام جماعتوں سے مشاورت کر کے نئے وزیراعلیٰ کو نامزد کریں گے۔
واضح رہے کہ کچھ ہی عرصہ قبل سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف تحریک عدم پیش کی گئی تھی۔ اس وقت کے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے اس کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا اور ایوان نے عبدالقدوس بزنجو کو نیا وزیر اعلیٰ منتخب کرلیا تھا۔