سرکاری ہسپتالوں میں عوام کومفت علاج کے لئے خطیررقم خرچ کی جارہی ہے، نذرمحمد بلوچ
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) صوبائی محتسب بلوچستان نذر محمد بلوچ نے کہا ہے کہ شعبہ طب سے وابستہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ عوام کو علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اپنے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کوششیں تیز کریں گے تو کوئی وجہ نہیں کہ کوئٹہ شہر کے لوگوں کو باہر کسی علاقے میں علاج کروانے کی ضرورت محسوس ہو ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سول ہسپتال کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر ہسپتال میں موجود طبی عملے اور متعلقہ لوگوں سے بات کرتے ہوئے کیا, صوبائی محتسب نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو مفت علاج کے لیے خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے لیکن بعض علاقوں کے متعلق شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ وہاں مریضوں کے علاج میں غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے, انہوں نے اس ضمن میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی, دریں اثناء صوبائی محتسب نے ہسپتال کے مختلف شعبوں اور ہسپتال میں ہونے والے تعمیراتی کام جن میں وارڈز کی تعمیر و مرمت اور ٹیوب ویل کا معائنہ کیا اور مریضوں کی عیادت بھی کی, ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے صوبائی محتسب کو درپیش مسائل جس میں بعض ڈاکٹرز جنہوں نے ٹرانسفر ہونے کے باوجود اپنے گھر اور دفاتر کو خالی نہیں کیا ان سے واگزار کروانے کی درخواست کی, صوبائی محتسب نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ان مسائل کے حل کیلئے محکمہ صحت کے متعلقہ حکام سے بات کریں گے جبکہ انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کہ ٹرانسفر ہوئے ڈاکٹروں سے گھر اور دفاتر فوری طور پر خالی کروالیے جائیں۔