عوام کی صحت سے متعلق سہولیات کی فراہمی کے لیے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، مہراللہ بادینی
قلات (ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر قلات کیپٹن(ر)مہراللہ بادینی نے کہا ہے کہ دور دراز علاقوں میں عوام کی صحت سے متعلق سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔ہسپتالوں میں غریب مریضوں کی علاج و معالجے اور ادویات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ بنیادی مراکز صحت کو مکمل طور پر فعال کرکے دور دراز علاقوں کے عوام کو صحت سے متعلق سہولیات ادویات اور ایمرجنسی سہولت فراہم کررہے ہیں تاکہ عوام کو انکی دہلیز پر صحت کی سہولیات بہم مل سکے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت کی حالت زار کو بہتر بنانے،ڈاکٹروں اور طبی عملے کی تعیناتی اور موجودگی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام کو علاج معالجے سے متعلق مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکے۔ اس کے علاوہ ادویات اور طبی آلات کی فراہمی سے صحت سے متعلق مسائل میں کمی واقع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں جدید طبی آلات کی فراہمی اوردیگر سہولیات فراہم کرنے سے صحت اور علاج معالجے سے متعلق لوگوں کے مسائل حل ہونے میں مدد ملے گی انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور عوامی مفاد میں ایسی پالیسیاں اور فیصلے کیے جائیں گے جن سے عوام کے معیار زندگی بہتر اور ان کے دیرینہ مسائل حل ہو سکیں۔